• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مسجد اقصیٰ میں نمازیوں پر حملہ غیر انسانی فعل ہے، سید منور حسین شاہ جماعتی

برمنگھم ( آصف محمود براہٹلوی ) سانحہ مسجد اقصیٰ بد ترین دہشت گردی، مذمت کرتے ہیں، مسجد میں گھس کر معصوم نمازیوں پر فائرنگ، شیلنگ، کریکر ، ربڑ کی گولیاں برسانا غیر انسانی فعل ہے۔ ان خیالات کا اظہار سجادہ نشین حضرت امیر ملت پیر سید منور حسین شاہ جماعتی نے اپنے ایک بیان میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ فلسطین میں جاری اسرائیلی جارحیت کی شدید مذمت کرتے ہیں، مسجد اقصیٰ میں نمازیوں پر حملہ غیر انسانی فعل ہے۔ ہم فلسطینی عوام کی حمایت کرتے ہیں اور فلسطینیوں کے جائز حقوق اور تحفظ کیلئے عالمی برادری کو فوری اقدامات کرنے چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ قابض اسرائیلی فورسز نے مسجد اقصیٰ میں معصوم نمازیوں پر حملہ کیا جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔ انہوں نے کہا کہ نہتے مسلمانوں پر کھلی اسرائیلی دہشت گردی پر مسلم ممالک خاموشی توڑ کر ترک صدر طیب اردگان کی طرح جرات مندانہ موقف اپنائیں۔ اقوام متحدہ کا ادارہ فلسطینیوں پر ڈھائے جانے والے مظالم کو رکوانے میں ناکام ہو چکاہے، موجودہ حالات میں او آئی سی کا اجلاس فوری طور پر طلب کیا جائے اور پوری مسلم دنیا اقوام متحدہ سے مطالبہ کرے کہ اسرائیل کے مسلمانوں پر حملے اور جارحیت فوری طور پر ختم کرائے۔ انہوں نے کہا کہ ماہ مقدس میں ایسا حملہ انسانی اقدار اور حقوق کی سراسر خلاف ورزی ہے‘ ہم پر تشدد واقعہ میں زخمی فلسطینیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعاگو ہیں۔
تازہ ترین