• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ٹیم کی کارکردگی بہتر ہورہی ہے، دنیا میں کوئی کوچ جیت کی ضمانت نہیں دے سکتا، مصباح

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستانی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مصباح الحق کا کہنا ہے کہ تنقید کرنے والےکچھ لوگوں کو مجھ سے پرانا مسئلہ ہے، وہ اپنا خون جلاتے رہتے ہیں۔ میرا فوکس کام پر ہے مجھے اس سے فرق نہیں پڑتا کہ کون کیا کہہ اور کون کیا سوچ رہا ہے۔اگر پی سی بی وائٹ بال کے لئے غیر ملکی کوچ لانا چاہتا ہے تو یہ اس کا فیصلہ ہوگا۔ دنیا میں کوئی بھی کوچ جیت کی ضمانت نہیں دے سکتا۔میرے خیال میں ایک سال سے ٹیم کی کارکردگی میں بہتری ہےکوشش کریں گے کہ اسی تسلسل کو برقرار رکھیں۔میڈیا میں میرے حوالے سے یہ تاثر غلط ہے کہ سلیکشن پر سارے فیصلے میں کرتا ہوں۔ ہر چیز میرے ہاتھ میں نہیں ہے۔ میں سلیکشن میں فائنل اتھارٹی نہیں ہوں۔کپتان کے علاوہ مضبوط سلیکشن کمیٹی موجود ہے ، فیصلے اتفاق رائے سے اور ٹیم کے مفاد میں کئے جاتے ہیں۔ تابش خان کو ڈومیسٹک کرکٹ میں مسلسل اچھی کارکردگی کا انعام دیا گیا ہے اس کو مستقبل میں کھلانے کا فیصلہ حالات دیکھ کر سلیکشن کمیٹی اور ٹیم انتظامیہ کرے گی ۔تابش کو کھلاکر ٹیم کا کمبی نیشن خراب کرنے کی کوشش نہیں کی ہے۔نہ ایک دم سے پوری ٹیم تبدیل کرکے نئی ٹیم اتارسکتے تھے۔ وہ منگل کو ہرارے سے وطن روانگی سے قبل ورچوئل پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کہا پاکستان سپر لیگ کے بعد ہمیں اندازہ ہوجائے گا کہ کون کون سے کھلاڑی اب ٹیم کے ساتھ چل سکتے ہیں۔ کسی کھلاڑی کو مستقل طور پر نظر انداز نہیں کیا ہے۔ میں36سال کی عمر میں کپتان بنا تھا اگر کوئی کھلاڑی فٹ ہے اور کارکردگی دکھا سکتا ہے تو اسے ضرور موقع ملنا چاہیے۔ پوری زندگی پریشر میں کرکٹ کھیلی ہے۔ نیک نیتی سے اپنے کام پر محنت کررہا ہوں باقی اللہ کے ہاتھ میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی افریقا میں پاکستان نے ون ڈے سیریز دو ایک سے جیتی۔ٹی 20 سیریز میں تین ایک سے کامیابی حاصل کی۔ جبکہ زمبابوے میں ٹیسٹ سیریز دو صفر اور ٹی 20 سیریز دو ایک سے جیتی۔ دونوں دورے اچھے رہے۔ ٹیسٹ اوپنرز عمران بٹ اور عابد علی سیٹ ہورہے ہیں۔ حسن علی اور نعمان علی بہت اچھی بولنگ کررہے ہیں۔ نیوزی لینڈ سیریز کے بعد فیلڈنگ میں بہتری نظر آئی ہے۔ سب سے بڑھ کر کپتان بابر اعظم پر اعتماد ہوتا جارہا ہے جس سے فیصلہ سازی میں بہتری دکھائی دے رہی ہے۔ نوجوان ٹیم میں خاص طور پر بولرز کا کردار اچھا رہا۔ ٹیم فتوحات کےسفر پر چل رہی ہے،خامیوں کو دور کیا ہے اب ورلڈ کپ کو مدنظر رکھتےہوئے پلاننگ پرکام جلد شروع کریں گے۔

تازہ ترین