• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حکومت خود رنگ روڈ منصوبہ کو مکمل کرنے کا جائزہ لے رہی ہے

راولپنڈی (نمائندہ جنگ) باخبر ذرائع کے مطابق رنگ روڈ منصوبہ کی پرائیویٹ پبلک پارٹنر شپ کے تحت مبینہ ناکامی کے بعد حکومت خود منصوبہ کو مکمل کرنے کا جائزہ لے رہی ہے۔ ادھر رنگ روڈ منصوبہ کی انتظامی ٹیم کی معطلی‘ ابتدائی تحقیقات اور معاملہ نیب کو بھجوانے کے بعد بیوروکریسی میں کھلبلی مچ گئی ہے۔ راولپنڈی اور اٹک کے انتظامی افسران کے ساتھ ساتھ تبدیل کئے جانے والوں میں پرائیویٹ پبلک پارٹنر شپ بورڈ کے پلاننگ ونگ کے افسر فرخ نوید بھی شامل ہیں۔ جبکہ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل راولپنڈی اعجاز قاسم کو اے ڈی سی آر راولپنڈی کا اضافی چارج دیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق راولپنڈی رنگ روڈ منصوبہ میں انتظامی اکھاڑ پچھاڑ کو انکوائری کا اہم موڑ قرار دے رہے ہیں۔ آنے والے دن منصوبہ میں انکوائری کے حوالے سے انتہائی اہم ہیں اور چند دنوں میں مزید پیش رفت ہوگی۔ چھنی شیر عالم والی الائنمنٹ کو ہی اپنائے جانے کا امکان ہے۔ ذرائع کے مطابق اب تک کی صورتحال کے مطابق روٹ اور نقشہ میں تبدیلی کے واضح امکانات ہیں۔ مگر کیا تبدیلیاں لائی جائیں گی؟ اس میں کتنا عرصہ لگے گا؟ اس سے بھی اہم بات سرمایہ کاروں کی تشویش ہے۔ اور دوبارہ سرمایہ کاروں کا اعتماد حاصل کرنا کسی چیلنج سے کم نہیں ہوگا۔ ذرائع کا دعویٰ ہے کہ حکومت پبلک پرائیویٹ شراکت داری کی بجائے اب خود اپنے ہی وسائل سے اس منصوبہ کو مکمل کرے گی۔

تازہ ترین