• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان میں کورونا 1 دن میں مزید 104 جانیں لے گیا


سماجی فاصلے، ماسک کو نظر انداز کرنے اور ایس او پیز کی خلاف ورزیوں سے ملک میں کورونا وائرس کی ہلاکت خیزیوں میں تیزی آنے لگی۔

کورونا وائرس کی جاری تیسری لہر کے دوران پاکستان بھر میں مریضوں اور اموات میں تیزی سے اضافہ جاری ہے، کورونا مریضوں کی تعداد کے حوالے سے مرتب کی گئی فہرست میں ملک 29 ویں پر آگیا ہے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر (این سی او سی) کے اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے مزید2 ہزار 869 کیسز سامنے آئے ہیں، مزید 104 افراد اس موذی وباء کے سامنے زندگی کی بازی ہار گئے، 5 ہزار 200 مریض شفایاب ہو گئے، جبکہ مثبت کیسز آنے کی شرح 7اعشاریہ 42 فیصد ہو گئی۔

ملک بھر میں کورونا وائرس سے انتقال کرنے والوں کی مجموعی تعداد 19 ہزار 210 ہو گئی ہے، جبکہ کُل مریضوں کی تعداد 8 لاکھ 67 ہزار438 ہو چکی ہے۔

ملک بھر میں اسپتالوں، قرنطینہ سینٹرز اور گھروں میں کورونا وائرس کے کُل 76 ہزار 536 مریض زیرِ علاج ہیں، جن میں سے 4 ہزار 707 مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے، جبکہ کُل 7 لاکھ 71 ہزار 692 مریض اب تک اس بیماری سے شفایاب ہو چکے ہیں۔

24 گھنٹوں میں کورونا وائرس کے مزید 38 ہزار616 ٹیسٹ کیئے گئے، جبکہ اب تک کُل 1 کروڑ 23 لاکھ 10 ہزار 870 کورونا ٹیسٹ کیئے جا چکے ہیں۔

تیسری لہر کے دوران پنجاب میں کورونا وائرس کے کیسز میں تیزی سے اضافہ جاری ہے، جہاں کورونا مریضوں کی تعداد دیگر صوبوں سے زیادہ ہو کر 3 لاکھ 22 ہزار 117 ہو گئی، جبکہ یہاں کُل ہلاکتیں بھی دیگر صوبوں سے زیادہ ہیں جو 9 ہزار 188 ہو چکی ہیں۔

سندھ میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 2 لاکھ 94 ہزار 251 ہو چکی ہے، جبکہ اس سے کُل اموات 4 ہزار 765 ہو گئیں۔

خیبر پختون خوا میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 1 لاکھ 25 ہزار 392 ہو چکی ہے، جبکہ اس سے یہاں اب تک کُل اموات 3 ہزار 668 ہو گئیں۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 78 ہزار 560 کورونا وائرس سے متاثرہ مریض اب تک سامنے آئے ہیں، جبکہ اب تک یہاں کُل 718 افراد اس وباء سے جان کی بازی ہار چکے ہیں۔

کورونا وائرس کے بلوچستان میں 23 ہزار 655 مریض اب تک رپورٹ ہوئے ہیں جہاں 255 افراد اس مرض سے انتقال کر چکے ہیں۔

آزاد جموں و کشمیر میں کورونا وائرس کے اب تک 18 ہزار 56 مریض رپورٹ ہوئے ہیں، جبکہ اس کے باعث اب تک یہاں کُل 509 مریض وفات پا چکے ہیں۔

گِلگت بلتستان میں 5 ہزار 407 کورونا وائرس کے مریض سامنے آئے ہیں جبکہ اس سے اب تک 107 افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔

تازہ ترین