• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی، بہادرآباد کے ڈرامائی پولیس مقابلے کا ڈراپ سین

کراچی کے علاقے بہادرآباد میں گزشتہ رات ہونے والے ڈرامائی پولیس مقابلے کا ڈراپ سین ہوگیا، گرفتار چاروں افراد موبائل فرنچائز کے ملازمین نکلے، پولیس نے چاروں افراد کو رہا کرکے برآمد کی گئی رقم واپس کردی۔

پولیس کے مطابق موبائل فرنچائز کورنگی کے ملازم لاکھوں روپے کی رقم جمع کرانے نجی بینک آئے تھے، چار افراد کو ایک ساتھ اے ٹی ایم میں جاتا دیکھ کر شہری نے15 پر ڈاکوؤں کی اطلاع دی۔

اطلاع ملنے پر نیوٹاؤن تھانے کی پولیس نفری کے ہمراہ موقع پر پہنچی ، شور سن کر اے ٹی ایم کے اندر موجود افراد نے خوفزدہ ہوکر روم اندر سے لاک کرلیا۔

پولیس نے چاروں افراد کو حراست میں لے کر رقم بھی قبضے میں لے لی ، اس موقع پر وہاں موجود شہریوں نے پکڑے جانے والے افراد کو تشدد کا نشانہ بنایا جس کے بعد پولیس نے ہوائی فائرنگ کر کے مشتعل شہریوں کو منتشر کیا۔

پولیس کے مطابق تھانے پہنچ کر چاروں افراد نے فرنچائز کے ملازم ہونے اور رقم جمع کرانےکا ثبوت دیا۔

فرنچائزمنیجر کے تھانے پہنچنے اور تصدیق کے بعد چاروں افراد کو چھوڑ دیا گیا، چاروں افراد سے برآمد کی گئی رقم بھی واپس کردی گئی۔

تازہ ترین