• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

قوم گھنٹوں تذبذب میں رہی، چاند کا اعلان رات 11بجکر 40منٹ پر ہوا

کراچی (نیوز ڈیسک) شوال کے چاند کیلئے بدھ کی شب پوری قوم گھنٹوں تذبذب میںمبتلا رہی جسکے بعد مرکزی رویت ہلال کمیٹی نے رات تقریباً 11 بجکر 40 منٹ پر چاند کی رویت اور آج (جمعرات) کو ملک بھر میں عید الفطر منانے کا اعلان کردیا۔ قبل ازیں کراچی، سکھر اور لاہور کی زونل کمیٹیوں نے شوال کا چاند نظرنہ آنے کا باضابطہ اعلان کرکے اجلاس ختم کر دیئے تھے۔ تاخیر سے اعلان کی وجہ سے بیشتر مساجد میں نماز تراویح ادا کی جاچکی تھی اور بیشتر شہری ذہنی طور پر جمعہ کی عید کے منتظر تھے۔ تاہم رویت ہلال کمیٹی کی جانب سے اچانک اعلان کے بعد افراتفری مچ گئی اور شہری عید کی ادھوری تیاریوں کو پورا کرنے میں مصروف ہوگئے، جسکے باعث سڑکوں ٹریفک بڑھ گئی۔ چاند کے اعلان میں تاخیر کے باعث سوشل میڈیا پر چاند کی مبارکباد کے ساتھ تبصرے شروع ہوگئے کسی نے رویت ہلال کمیٹی کے فیصلے کر درست قرار یا تو کسی نے تاخیر سے اعلان کو زیادتی قرار دیا۔ وزیراعظم کے نمائندہ خصوصی برائے مشرق وسطیٰ علامہ طاہر اشرفی کاکہنا ہے کہ چاند کے اعلان تاخیر ضرور ہوئی ہوئی لیکن قوم کو ایک عید کا تحفہ دیا، جبکہوفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے رویت ہلال کمیٹی کے اعلان سے پہلے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ سیدھا کہیں کہ ہمیں عید افغانستان یا سعودیہ کے مطابق منانی ہے۔ فواد چوہدری کا کہنا تھاکہ اس وقت چاند کی عمر پاکستان میں 13 گھنٹے 42 منٹ ہے اور چاند کا آج نظر آنا ممکن نہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ جن حضرات نے عید سعودیہ کے ساتھ منانی ہے یہ ان کی آپشن ہے لیکن جھوٹ بول کر ماہ مقدس کا اختتام کرنا کہاں کی عقلمندی ہوگی؟وفاقی وزیر کا کہنا تھاکہ سیدھا کہیں کہ ہمیں عید افغانستان یا سعودیہ کے مطابق منانی ہے۔نمائندہ خصوصی برائے وزیراعظم طاہر اشرفی نے کہا کہ عید ایک دن کروانے کا وعدہ پورا کردیا ، تاخیر ہوئی لیکن قوم کو ایک عید کا تحفہ دیا ، 20سال بعد قوم ایک دن عید کریگی، رویت ہلال کمیٹی نے شریعت کے مطابق گواہیوں کا فیصلہ کیا ۔ دوسری جانب محکمہ موسمیات کا بھی کہنا تھا کہ چاندکی پیدائش ہوگئی ہے لیکن چاند کی عمر 20 گھنٹے 40 منٹ ہو تب ہی دیکھا جاسکتا ہے، پاکستان کے کسی بھی علاقے میں چاند کی عمر 20 گھنٹے 40 منٹ نہیں ہے۔ سابق وزیر سائنس و ٹیکنالوجی اور موجودہ وزیر اطلاعات فواد چوہدری کہہ چکے تھے کہ سائنسی شواہد کے مطابق عید الفطر جمعہ 14 مئی کو ہوگی۔ پشاور کی مسجد قاسم خان کی مقامی اور غیر سرکاری رویت ہلال کمیٹی نے شوال کا چاند نظر آنےکااعلان کردیا۔ مفتی شہاب الدین پوپلزئی کے مطابق مردان، چارسدہ، صوابی اور کوہاٹ سمیت متعدد علاقوں سے شہادتیں موصول ہوئیں۔ انہوں نے کہا کہ مسجد قاسم علی خان کی مقامی کمیٹی کو 23 شہادتیں موصول ہوئی جن کو شرعی پیمانے پر پرکھنے کے بعد کمیٹی نے کل بروز جمعرات 13 مئی 2021 کو یکم شوال المکرم عید الفطر کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام شہادتیں زونل کمیٹی تک پہنچا چکے ہیں۔قبل ازیں کراچی، سکھر اور لاہور کی زونل کمیٹیوں نے شوال کا چاند نظرنہ آنے کا باضابطہ اعلان کرکے اجلاس ختم کر دیئے تھے۔ سکھر سے مفتی محمد ابراہیم قادری نے باضابطہ طور پر شاند نظر نہ آنے اور اجلاس ختم کرنے کا اعلان کیا۔ اس کے علاوہ کراچی میں زونل رویت ہلال کمیٹی نے بھی چاند نظر نہ آنے کا اعلان کرتے ہوئے اجلاس ختم کردیا۔چاند کی رویت کا باضابطہ اعلان مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین مولانا عبدالخبیر آزاد کریں گے جو اسلام آباد میں موجود ہیں۔

تازہ ترین