• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شرح نمو 5فیصد لے جانے کیلئے بہت محنت کرنا پڑے گی، حفیظ پاشا


کراچی (ٹی وی رپورٹ)جیوکے پروگرام ”آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ“میں گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیر خزانہ حفیظ پاشا نے کہا ہے کہ شرح نمو 5فیصد لے جانے کیلئے بہت محنت کرنا پڑے گی، ماہر مشرق وسطیٰ امور کامران بخاری نے کہا کہ امریکا ایران کیساتھ نیوکلیئر ڈیل میں عرب ممالک کو ساتھ لیکر چلنے کی کوشش کریگا، ایس آئی یو ٹی کے سربراہ ڈاکٹر ادیب رضوی نے کہا کہ ایس آئی یو ٹی کو فنڈز کی کمی کا سامنا ہے،ایگزیکٹو وائس پریذیڈنٹ دی سٹینز فاؤنڈیشن ریاض کملانی نے کہا کہ کورونا کی صورتحال کی وجہ سے بچوں کو اسکولوں میں رکھناچیلنج ہوگیا ہے۔سابق وزیرخزانہ حفیظ پاشا نے کہا کہ کورونا کی تیسری لہر بڑھتی جارہی ہے ، ترقی کی شرح 5فیصد ہونے میں کچھ وقت لگے گا، زرعی شعبہ میں کامیابی ہو تب ہی ہمارے معاشی حالات میں بہتری آتی ہے، بجٹ میں ترقیاتی اخراجات نہیں بڑھائے گئے تو معیشت کو زور نہیں ملتا، اگلے مالی سال شرح نمو 5فیصد لے جانے کیلئے بہت محنت کرنا پڑے گی۔ حفیظ پاشا کا کہنا تھا کہ اگلے سال بجٹ خسارہ ساڑھے سات فیصد تک رہا تو قیمتوں پر بوجھ قائم رہے گا، افراط زر گیارہ فیصد ہوگئی ہے بجلی کی قیمتیں بڑھائی گئیں تو مزید بڑھ سکتی ہے، زرعی شعبہ کو ٹھیک کرنا، ریونیوز میں بہتری لانا اور ترقیاتی اخراجات بڑھانا ہوں گے اس کے بعد ہی شرح نمو چار پانچ فیصد ہوسکتی ہے۔ حفیظ پاشا نے کہا کہ کرنٹ اکاؤنٹ سرپلس ہونا اچھی بات ہے، فائنانشل اکاؤنٹ میں سرپلس نہ ہونے کے برابر رہ گیا ہے، اسی لئے زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ نہیں ہوا ہے۔ ماہر مشرق وسطیٰ امور کامران بخاری نے کہا کہ بائیڈن انتظامیہ ایران کے ساتھ ایٹمی معاہدے کی طرف واپس جارہی ہے، بائیڈن انتظامیہ نے ایران کے ساتھ نیوکلیئر ڈیل کو علاقائی سلامتی کے معاملات پر بات چیت سے مشروط کردیا ہے، بائیڈن انتظامیہ اس کیلئے علاقائی قوتوں کو آگے رکھ رہی ہے اس میں سعودی عرب کا نمایاں کردار ہے، بائیڈن انتظامیہ کو اپنے مقصد میں خاطرخواہ کامیابی نہیں ہوگی، ایران کی خطے میں پوزیشن عرب ممالک کی نسبت بہت مضبوط ہے، جیتنے والا ملک اپنی پوزیشن مزید مستحکم کیے بغیر کیوں کوئی معاہدہ کرے گا،امریکا ایران کے ساتھ نیوکلیئر ڈیل میں عرب ممالک کو بھی ساتھ لے کر چلنے کی کوشش کرے گا۔ ایگزیکٹو وائس پریذیڈنٹ دی سٹینز فاؤنڈیشن ریاض کملانی نے کہا کہ کورونا کی صورتحال کی وجہ سے بچوں کو اسکولوں میں رکھناچیلنج ہوگیا ہے، تعلیم حاصل کرنے والے بچوں کا تعلیم حاصل کرنے کا سلسلہ برقرار رکھنے کیلئے ہماری ٹیم آن دا گراؤنڈ کام کررہی ہے، ہمیں اس کیلئے پاکستانیوں کی مالی امداد کی ضرورت ہے تاکہ بچوں کے اخراجات پورے کیے جاسکیں اور بچے اسکول آتے رہیں۔ ایس آئی یو ٹی کے سربراہ ڈاکٹر ادیب رضوی نے کہا کہ یورپ میں کورونا کیسز سامنے آئے تو خدشہ ہوا کہ یہاں بھی کورونا پھیل سکتا ہے، ایس آئی یو ٹی نے کورونا کے مریضوں کے مفت علاج کیلئے وارڈ قائم کیا، ہمارے اسٹاف کے دو افراد بھی کورونا سے نہیں بچ سکے۔

تازہ ترین