لاہور (نمائندہ جنگ) وزیراعلیٰ پنجاب سردارعثمان بزدار نے مصنوعی مہنگائی کرنے والوں کیخلاف کریک ڈاؤن کا حکم دیتے ہوئے کہا ہے کہ صوبہ بھر میں ذخیرہ اندوزوں اورناجائز منافع خوروں کیخلاف قانون کے مطابق بلا تفریق کارروائی کی جائے۔وزیر اعلیٰ عثمان بزدارنے کابینہ کمیٹی پرائس کنٹرول کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ اشیاء ضروریہ کی مقررکردہ نرخوں پر فراہمی یقینی بنا یا جائے، غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کروں گا۔ ایک بیان میں وزیر اعلی عثمان بزدار نے کہا اشیائے ضروریہ کے نرخوں میں ناجائز اضافہ کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گاذخیرہ اندوزی اورناجائز منافع خوری کرنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں ، عوام کوریلیف دینے کے لئے آخری حد تک جائیں گے،گراں فروشی اور ذخیرہ اندوزی کرنے والے قانون ہی نہیں سماج کے دشمن ہیں ۔ اینٹی ہورڈنگ آرڈیننس 2020 کے تحت ذخیرہ اندوزوں کے خلاف ایکشن لیا جائے۔دریں اثناء وزیر اعلی پنجاب نے کہا ہے کہ اپوزیشن عناصر کی جانب سے کورونا کے قومی چیلنج پر سیاست کرنا قابل مذمت ہے -حزب اختلاف کے عناصر نے ثابت کیا ہے کہ ان کے دل میں عوام کے لئے کوئی درد نہیں- اپوزیشن کا بے حس رویہ ظاہر کرتا ہے کہ ان کے نزدیک انسانی زندگیوں کی کوئی وقعت نہیں -وزیر اعلی عثمان بزدار نے کہا کہ مسترد شدہ ٹولہ کورونا پر بھی پوائنٹ اسکورنگ سے باز نہیں آیا- عوام کورونا پر سیاست کرنے والوں کو معاف نہیں کریں گے-