• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عید پر عوام نے ایس او پیز پر اچھے طریقے سے عمل کیا، صدر مملکت

کراچی (اسٹاف رپورٹر) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کورونا وائرس سے متعلق حکومتی اقدامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عید کے موقع پر عوام نے اچھے طریقے سے ایس او پیز پر عمل کیا جو کہ حکومت کی حکمت عملی کی کامیابی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں گورنر ہائوس میں کورونا وائرس سے متعلق حکومتی اقدامات پر اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں گورنرسندھ عمران اسماعیل ،وفاقی وزرا اسد عمر ، علی حیدر زیدی ،سینیٹر سیف ابڑو،رکن قومی اسمبلی جے پرکاش، اراکین صوبائی اسمبلی فردوس شمیم نقوی ، حلیم عادل شیخ ، خرم شیر زمان ، بلال غفار ، سعید آفریدی سمیت دیگر بھی موجود تھے۔ وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات اسد عمر نے اجلاس میں کورونا وائرس سے متعلق حکومتی اقدامات میں پیش رفت اور مستقبل کی حکمت عملی کے بارے میں تفصیل سے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ حکومت کے بہتر ین اقدامات کے باعث کورونا وائرس میں نمایاں کمی دیکھی جارہی ہے۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کورونا وائرس سے متعلق حکومتی اقدامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عید کے موقع پر عوام نے اچھے طریقے سے ایس او پیز پر عمل کیا جو کہ حکومت کی حکمت عملی کی کامیابی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت اور عوام باہمی تعاون سے جلد اس وبا پر کنٹرول حاصل کر لیں گے، کورونا وائرس سے محفوظ رہنے کا واحد طریقہ ایس او پیز کے مطابق معمولات زندگی گزارنا ہے۔ صدر مملکت نے عوام سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ کورونا وائرس سے محفوظ رہنے کے لئے عوام ویکسین ضرور لگوائیں اس میں ہم سب کی بھلائی ہے ۔

تازہ ترین