• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان علماء کونسل کی اپیل، جمعہ کو یوم فلسطین کے طور پر منایا گیا

لاہور ( وقائع نگار خصوصی )پاکستان علماء کونسل کی اپیل پر ملک بھر میں جمعۃ المبارک کو یوم فلسطین کے طور پر منایا گیا۔علماءو خطباءنے جمعۃ اجتماعات کے دوران خطبات میں کہا کہ او آئی سی اور اقوام متحدہ فلسطین کی صورتحال پر فوری طور پر عملی اقدامات اٹھائیں، پاکستان اور سعودی عرب کی درخواست پر اسلامی تعاون تنظیم کے وزراءکی سطح پر اجلاس کو عملی اقدامات کا سوچنا ہو گا،مسئلہ فلسطین پر وزیر اعظم عمران خان اور سعودی فرمانروا شاہ سلمان اور فلسطینی صدر محمود عباس کے درمیان رابطے امت مسلمہ کیلئے حوصلہ کا سبب ہیں۔ پاکستانی قوم اپنے فلسطینی بھائیوں کے ساتھ ہے، زمینی فاصلے زیادہ لیکن پاکستانیوں کے دل فلسطینیوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں۔ پاکستان علماءکونسل اسی ہفتہ میں آل پارٹیز کانفرنس بلائے گی۔ چیئرمین پاکستان علماءکونسل اور نمائندہ خصوصی وزیر اعظم برائے بین المذاہب ہم آہنگی و مشر ق وسطیٰ حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے گرینڈ جامع مسجد بحریہ ٹاؤن لاہور میں جمعہ اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل نے فلسطین میں قیامت برپا کر رکھی ہے ، دنیا کو اسرائیل کی اس وحشت اور دہشت کیخلاف فوری کردار ادا کرنا ہوگا۔پاکستان ، سعودی عرب اور دیگر اسلامی ممالک کے درمیان رابطوں کے ذریعے اسلامی تعاون تنظیم سے عملی اقدامات اٹھانے کیلئے کوشاں ہیں،شاہ سلمان ، وزیر اعظم اور فلسطینی صدر محمود عباس کے درمیان رابطوں کا آغاز امت مسلمہ کے وحدت اور اتحاد کیلئے بہتر سمت قدم ہے ، امت مسلمہ اسلامی تعاون تنظیم سے عملی اقدامات کی منتظر ہے ۔ طاہر اشرفی نے کہا کہ فلسطین اور کشمیر امت مسلمہ کے مسائل ہیں، ان کے حل کے بغیر دنیا میں مستقل امن نہیں ہو سکتا۔

تازہ ترین