• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عید اجتماعات پر بہترین سکیورٹی‘ آئی جی پنجاب کی پولیس فورس کو شاباش

راولپنڈی (سٹاف رپورٹر) آئی جی پولیس پنجاب انعام غنی نے عیدالفطر پر صوبے کے تمام اضلاع کی مساجد، امام بارگاہوں اور کھلے مقامات پر نماز عید کے اجتماعات کیلئے بہترین سکیورٹی انتظامات کرنے پر پوری فورس کو سراہا ہے۔ پولیس افسران اور اہلکار دوران ڈیوٹی کورونا بچائو ایس او پیز پر ہر صورت عمل یقینی بنائیں۔ فیس ماسک کو یونیفارم کا لازمی حصہ سمجھا جائیگا جبکہ ہینڈ سینی ٹائزر کا بھی خاص خیال رکھا جائے۔ اپنے ویڈیو پیغام میں آئی جی پنجاب نے کہا کہ پنجاب پولیس نے عیدالفطر پر بہترین ڈیوٹی سرانجام دی جس پر کانسٹیبل سے لیکر ایڈیشنل آئی جی رینک تک تمام افسروں اور اہلکاروں کو فرائض کی بہترین ادائیگی پر شاباش دیتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ پولیس، سی ٹی ڈی، سپیشل برانچ، آئی ٹی ڈویژن، پبلک ریلشنز ونگ سمیت دیگر شعبوں میں متعین افسروں اور اہلکاروں سمیت تمام شعبوں کے سٹاف نے فرائض کی بہترین ادائیگی سے میرا سر فخر سے بلند کر دیا۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ کورونا وباء کیخلاف پولیس نے فرنٹ لائن ورکر کے طور پر فرائض ادا کرتے ہوئے جانیں بھی دیں جبکہ اس دوران بہت سے ملازمین کورونا میں مبتلا ہو کر صحت یاب ہو چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب، وزیراعلی اور صوبائی کابینہ نے فورس کیلئے ترجیحی بنیادوں پر کورونا ویکسین لگوانے کی سہولت مہیا کی ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ 40برس سے زیادہ عمر کے افسران و اہلکاروں کو اپنی اور اپنے اہل خانہ کی ویکسی نیشن کروانی چاہئے۔
تازہ ترین