• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مہنگائی مافیا بےلگام‘ پولٹری مافیا کا عید چھٹیوں میں قیمتوں کا نیا ریکارڈ

راولپنڈی (نمائندہ جنگ) راولپنڈی اسلام آباد اور گردو نواح کے علاقوں میں دوران رمضان من مانی کرنے والے پولٹری مافیا نے عید کی چھٹیوں کے دوران ریکارڈ قیمتوں پر مرغی اور اس کا گوشت فروخت کیا۔ عید سے ایک روز قبل زندہ مرغی کی سرکاری قیمت 300جبکہ اسکے گوشت کی قیمت 447روپے تھی لیکن اُس وقت بھی دکان داروں نے مرضی کے دام لئے تاہم عید کی چھٹیوں کے دوران تو شہر کے مختلف علاقوں میں حیران کن حد تک زندہ مرغی چار سو اور اس کا گوشت 600روپے کلو تک فروخت ہوا۔ اسی طرح پرائس کنٹرول کمیٹی کی طرف سے کمروں میں بیٹھ کر روزانہ کی بنیاد پر جاری ہو کر دس روپے میں فروخت کی گئی لسٹ کے برعکس کوئی ایک بھی سبزی یا فروٹ عوام کو سرکاری داموں پر نہیں ملا۔ دکان داروں نے سرعام تقریباً ہر چیز دگنے اور تگنے داموں بیچ کر انتظامیہ کو تگنی کا ناچ نچایا جبکہ شکایت کیلئے فرضی پرائس لسٹ کے نیچے لکھے گئے فون نمبروں پر گھنٹیاں تو جاتی رہیں مگر کسی نے شکایت سننے کی زحمت گوارا نہیں کی۔ ادھر عوام کا کہنا تھا کہ گزشتہ تین برسوں کی مہنگائی نے زندگی مشکل بنا دی ہے۔ لوازمات تو دور کی بات پیٹ بھر کے روٹی کھانا بھی مشکل ہوتا جا رہا۔ شہریوں نے کہا کہ اب مزید صبر نہیں ہو سکتا، اس سے پہلے کہ عوام ازخود نوٹس لیں حکومت اپنی انتظامی مشینری کو ٹارگٹ مقرر کر کے کارروائی کا حکم دے۔ جب تک ذخیرہ اندوزوں اور مہنگے داموں اشیائے ضروریہ فروخت کرنے والوں کیخلاف سخت کارروائی نہیں ہوتی اور آٹے‘ چینی‘ دالوں‘ گھی آئل سمیت کارٹلائزیشن کے ذمہ داران کو پکڑ کر جیلوں میں نہیں ڈالا جاتا قیمتیں کنٹرول نہیں ہونگی اور مافیا دونوں ہاتھوں سے عوام کو لوٹتا رہے گا۔ دوسری طرف ضلعی انتظامیہ کا رٹا رٹایا موقف ہے کہ جب تک عوام گراں فروشوں کی نشاندہی کے ساتھ شکایات نہیں کرینگے اُس وقت تک ٹھوس کارروائی مشکل ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ عوام ’’قیمت پنجاب ایپ‘‘ اپنے موبائل میں ڈائون لوڈ کر کے روز کے سرکاری ریٹس کے مطابق ادائیگی کریں۔ جو دکاندار زیادہ پیسے مانگے اس سے خریداری رسید لازمی لیں‘ اگر دکاندار رسید نہ دے تو بھی دونوں صورتوں میں اسکی فوری شکایت قیمت پنجاب ایپ پر کی جائے‘ فوری کارروائی کی جائیگی۔
تازہ ترین