• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گرومندر کے قریب ریسٹورنٹ اور اسٹیشنری کی دکان میں آگ، فائر بریگیڈ نے قابو پالیا

کراچی (اسٹاف رپورٹر) گرومندر کے قریب ریسٹورنٹ اور اسٹیشنری کی دکان میں آگ لگ گئی ، ریسٹورنٹ میں لگنے والی آگ د یکھتے ہی د یکھتے بالائی منزل پر واقع رہائشی فلیٹس تک پہنچ گئی ، عمارت کو فوری طور پر خالی کروالیا گیا ، ریسٹورنٹ کے مالک نے پہلی منزل پر جنریٹر لگائے ہوئے ہیں جوکہ کسی بھی وقت حادثے کا باعث بن سکتا ہے ، خوش قسمتی سے دونوں واقعات میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، تفصیلات کے مطابق اتوار کی شام گرومندر پر واقع ایک عمارت کے گراؤنڈ فلور پر قائم ریسٹورنٹ میں لگنے والی آگ کو ابتدائی طور پر موقع پر موجود افراد نے آگ بجھانے کی کوشش کی ، بعد ازاں اطلاع ملنےپر فائر بریگیڈ کی 2گاڑیو ں نے موقع پر پہنچ کر آگ بجھانے کا آغاز کیا اور عمارت کو خالی کروا کر تمام افراد کو بحفاظت عمارت سے باہر نکال لیا ، فائر فائٹرز جب ریسٹورنٹ کی آگ پر قابو پانے کی کوششوں میں مصروف تھے اسی دوران چند قدم کے فاصلے پر اسٹیشنری کی دکان میں بھی آگ لگ گئی ، ایک گاڑی اسی وقت مذکورہ دکان پر پہنچی اور آگ پر قابو پالیا ، ریسٹورنٹ میں لگنے والی آگ پر ایک گھنٹے کی جدوجہد کے بعد قابو پالیا گیا ، عمارت کے رہائشی افراد نے بتایا کہ ریسٹورنٹ کے مالک نے بالائی منزل پر جنریٹر رکھے ہوئے ہیں جوکہ کسی بھی وقت حادثے کا باعث بن سکتے ہیں ، اس سلسلے میں انھوں نے ریسٹورنٹ مالک کے ساتھ ساتھ انتظامیہ کو بھی متعدد بار شکایت کی لیکن کوئی شنوائی نہیں ہوئی۔

تازہ ترین