• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مرکزی جمعیت اہل حدیث کی جانب سے غزہ پر اسرائیلی حملوں کی مذمت

بریڈفورڈ (پ ر) مرکزی جمعیت اہل حدیث برطانیہ نے فلسطینی مسلمانوں کے خلاف اسرائیلی فورسز کے بلا وجہ حملوں کی مذمت کی اور جمعیت کی تمام مساجدمیں جمعہ کے خطبات میں مظلوم فلسطینیوں کے ساتھ یکجہتی کااظہار کرتے ہوئے اور اسرائیلی فورسز کی پرتشدد کارروائیوں کی شدید مذمت کی ہے ، مقبوضہ بیت المقدس ،مسجد اقصٰی اور غزہ فلسطین میں مظلوم فلسطینیوں پر تشدد اور ان کے ناجائز قتل و غارت کی پیدا کی جانے والی اس لہر پر سخت تشویش کااظہار کیاگیا ۔ فلسطینیوں کو مسجداقصٰی میں جانے سے روکاجانا، نہتے شہریوں پر تشدد کرنا بلاجواز ہے ، اسرائیلی فورسزہرقسم کے اخلاقی اور بین الاقوامی قوانین کوروندتی چلی آرہی ہیں ۔غزہ ، دمشقی گیٹ ، شیخ جراح اور دیگر نواحی علاقوں میں بھی مظاہرین پر حملہ ایک وحشیانہ کارروائی ہے ۔ مسجداقصٰی مسلمانوں کا قبلہ اول ہے، سرزمین انبیا ہے، جہاں اسرائیل نے ناجائز قبضہ کیا ہواہے اور وہ آئے دن مسجداقصٰی کی بے حرمتی کرتے رہتے ہیں جس کا کوئی جوازنہیں ہے ، بین الاقوامی امن کے دعوے داروں کوکم ازکم اسرائیلی فورسز کومسجد جیسی مقدس جگہ پر داخلے سے روکنا چاہیئے ،مرکزی جمعیت اہل حدیث برطانیہ نے امریکی پارلیمنٹ کی مذمتی قرارداد کو ایک اچھا اقدام قرار دیتے ہوئے اس بات کا بھی اظہار کیاکہ محض قرارداد پیش کرنا کافی نہیں ہے،بلکہ اسرائیلی قابضین کو مقبوضہ بیت المقدس سے باہر کرنا ہوگا۔ یوں بھی عبادتگاہوں کااحترام ایک بین الاقوامی مسلمہ قانون ہے جس کالحاظ قابضین پر بھی لازم ہے، لیکن اسرائیلی فورسزہرقانون سے اپنے آپ کو بالادست سمجھتی ہیں۔
تازہ ترین