• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فلسطین میں جو کچھ ہورہا ہے عالمی انصاف کے خلاف ہے، چین

اسلام آباد(جنگ نیوز) چین کے وزیر خارجہ وانگ ژی نے کہا ہے کہ فلسطین میں جو کچھ ہورہا ہےعالمی انصاف کے خلاف ہے۔انہوں نے یہ بات اپنے پاکستانی ہم منصب شاہ محمود قریشی سے ٹیلی فونک رابطے کے دوران کہی۔پاکستان اور چین نے خطے میں ابھرتے ہوئے نئے چیلنجوں سے نمٹنے کیلئے تذویراتی تعاون اور روابط کو مربوط کرنے پر بھی اتفاق کیا ہے۔ٹیلیفون پر گفتگو کے دوران وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور ان کے چینی ہم منصب وانگ ژی نے امن و استحکام کے فروغ اور انصاف کی فراہمی کے لئے اپنی مشترکہ کوششوں میں تیزی لانے کے عزم کا اعادہ کیا۔فریقین نے فلسطین کے تنازعے، افغانستان میں امن عمل اور پاک چین دوطرفہ تعلقات پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ چینی وزیر خارجہ نے مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں بگڑتی ہوئی صورتحال پر گہری تشویش سے آگا ہ کرتے ہوئے اسرائیلی حملوں کی روک تھام، شہریوں کے تحفظ اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قرار دادوں کے مطابق تنازعے کے فوری اور پائیدار حل کیلئے عالمی برادری کی جانب سے فوری اقدامات کی اہمیت پر زور دیا۔

تازہ ترین