• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مقبوضہ کشمیر، اسرائیل مخالف مظاہرے جرم بن گیا، 20 گرفتار

کراچی (نیوز ڈیسک) مقبوضہ کشمیر میں اسرائیل کیخلاف مظاہرے اور فلسطینیوں کی حمایت جرم بن گیا، قابض فورسز نے فلسطینوں کیساتھ اظہار یکجہتی کرنے پر 20 افراد کو گرفتر کرلیا، غیر ملکی نشریاتی ادارے کے مطابق قابض افواج نے ایک عالم دین کو فلسطینیوں کیلئے مسجد میں دعا کروانے اور ایک آرٹسٹ کو فلسطینیوں کی حمایت میں پینٹنگ پر گرفتار کیا گیا۔ شوپیاں سے امام مسجد سرجان برکاتی کے اہلخانہ کا کہنا ہے کہ برکاتی کو فلسطینیوں کیلئے دعا کروانے پر گرفتار کیا گیا ہے، انہوں نے مسجد میں ایک نعرہ بھی لگایا تھا کہ ’’مظلوم فلسطینیوں ہم تمھارے ساتھ ہیں‘‘۔ سری نگر کے رہائشی 32 سالہ آرٹسٹ مدثر گل نے صرف ایک نعرہ لکھا تھا جس میں درج تھا کہ ’’ہم فلسطین کیساتھ ہیں‘‘، اس نعرے کو سوشل میڈیا پر بڑی تعداد میں شیئر کیا جاتا رہا، مدثر کے اہلخانہ کا کہنا ہے کہ ریاستی انتظامیہ آزادی اظہار کو سینسر کررہی ہے۔ ان کی بہن مزمل فردوس نے الجزیرہ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ان کے بھائی کو کیوں گرفتار کیا گیا ہے؟ کیا حکومت نے یہاں آرٹ پر پابندی عائد کردی ہے؟ پوری دنیا اسرائیلی مظالم اور سفاکیت کی مذمت کررہی ہے لیکن ہم یہاں ان کیخلاف کچھ نہیں کہہ سکتے، ہم کس طرح کی جمہوریت میں رہ رہے ہیں؟ کیا ہم فلسطینیوں کے غم میں ان کیساتھ اظہار ہمدردی بھی نہیں کرسکتے؟ واضح رہے کہ جمعے کے روز مقبوضہ کشمیر میں نماز جمعہ کے اجتماعات کے بعد فلسطینیوں کیساتھ اظہار ہمدردی اور ان کی حمایت میں ریلیاں نکالی گئیں جن میں مظاہرین نے فلسطینی پرچم اٹھا رکھے تھے، مظاہرین غزہ پر اسرائیلی حملوں اور مقبوضہ مشرقی بیت المقدس میں فلسطینیوں پر کریک ڈائون کی مذمت کررہے تھے۔ تاہم بھارتی سکیورٹی فورسز نے مقبوضہ کشمیر میں فوری طور پر مظاہرین کیخلاف کارروائیاں شروع کردیں۔ دوسری جانب قابض فورسز کا کہنا ہے کہ قابض انتظامیہ کو خوف ہے کہ ان مظاہروں سے آزادی کے حق میں مظاہرے اور تحریک بھی زور پکڑ سکتی ہے۔

تازہ ترین