• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی‘ کراچی اور نیشنل پریس کلب کے زیر اہتمام احتجاجی مظاہرے آج ہونگے

راولپنڈی (اسٹاف رپورٹر) فلسطینی عوام اور عالمی صحافتی برادری سے اظہار یکجہتی کے لئے نیشنل پریس کلب اسلام آباد کے زیراہتمام آج احتجاجی مظاہرہ کیا جائے گا۔ صدر نیشنل پریس کلب شکیل انجم نے اعلان کیا ہے کہ غزہ میں برج الجلہ ٹاور پر اسرائیلی فضائی حملے اور الجزیرہ اور ایسوسی ایٹڈ پریس (اے پی) سمیت مختلف بین الاقوامی میڈیا گھروں کو تباہ کرنے اور فلسطین پر حالیہ حملوں کے خلاف نیشنل پریس کلب کے سامنے پیر کی شام احتجاجی مظاہرہ ہوگا۔ اس دوران اسرائیل کی جانب سے فلسطین میں اندھادھند بمباری اور بے گناہ افراد کی مظلومانہ شہادتوں پر سیاہ پرچم لہرائے جائیں گے جبکہ نیشنل پریس کلب کا پرچم سرنگوں رہے گا اور نیشنل پریس کلب پر فلسطین کے پرچم لہرائے جائیں گے۔ شکیل انجم نے کہا کہ برج الجلہ ٹاور پر حملہ دراصل عالمی صحافتی برادری اور صحافتی اداروں پر حملہ ہے جس کی بھرپور مذمت کرتے ہیں اور دنیا بھر کے میڈیا کو اس پر احتجاج کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہاکہ اس حوالے سے گزشتہ روز این پی سی کی ایگزیکٹو کمیٹی کا فوری اجلاس طلب کرکے اس الجلہ ٹاور پر اسرائیلی وحشیانہ حملے پر گہری تشویش کا اظہار کیا گیا ہے۔ این پی سی کی ایگزیکٹو کمیٹی سمجھتی ہے کہ یہ الجلہ ٹاور کے ان میڈیا ہاؤسز پر دانستہ اور ٹارگٹ حملہ تھا۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل پریس کلب اس مذموم حملے کی شدید مذمت کرتا ہے۔ صدر نیشنل پریس کلب نے ملک بھر کے صحافیوں سے اپیل کی کہ وہ فلسطین اور عالمی صحافتی برادری سے اظہار یکجہتی کے لئے مظاہرے میں بھرپور شرکت کو یقینی بنائیں۔کراچی سےاسٹاف رپورٹرکے مطابق پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس (پی ایف یو جے) نے اسرائیل کی جانب سے عالمی قوانین اور انسانی حقوق کی کھلم کھلا خلاف ورزی، میڈیا ہاؤسز کو تباہ کرنے اور نہتے فلسطینیوں پر بمباری کی شدید مذمت کرتے ہوئے منگل 18 مئی کو ملک گیر احتجاج کا اعلان کردیا۔ پی ایف یو جے کے صدر جی ایم جمالی اور سیکریٹری جنرل رانا محمد عظیم نے ایک مشترکہ بیان میں کہا کہ اقوام متحدہ کے چارٹر میں میڈیا ہاؤسز اور سویلین آبادی کو جنگ میں بمباری سے استثناء حاصل ہے کراچی یونین آف جرنلسٹس کے صدر اعجاز احمد اور جنرل سیکریٹری عاجز جمالی نے فلسطین کے مظلوم عوام اور غزہ میں میڈیا ہائوسز پر حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے ان حملوں کو عالمی دہشت گردی قرار دیا ہے۔کراچی پریس کلب نے فلسطینیوں اور میڈیا ہاؤسز پر حملے کی شدید مذمت کی ہے پریس کلب پر آج مظاہرہ ہوگا ،اسرائیل کی جانب سےگزشتہ کئی دنوں سے فلسطین پر مظالم کا سلسلہ جاری ہے اور بیت المقدس میں فلسطینیوں کے داخلے کو بھی روکا جا رہا ہے،پریس کلب نے اقوام متحدہ سے اپیل کی ہے کہ اسرائیل کی صہیونی حکومت نے فلسطین کے عوام کے خلاف جو جنگ شروع کی ہے اس جنگ کو روکنے کے لئے اپنی کوششیں تیز کریں، کے پی سی نے فلسطین کی تمام صحافی برادری کی حمایت کا اعلان کیا ہے ۔ریس کلب کے صدر فاضل جمیلی اور سیکریٹری محمد رضوان بھٹی نے فلسطین کے خلاف صہیونی حکومت کی یکطرفہ اعلان کردہ جنگ کے دوران الجزیرہ اور ایسوسی ایٹڈ پریس (اے پی) کے دفاتر میں غزہ میں عمارت پر فضائی حملے کی بھی مذمت کی ہے۔

تازہ ترین