• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسرائیلی جارحیت، OIC کی مذمتی قرارداد


جدہ(شاہدنعیم) اسلامی تعاون تنظیم( او آئی سی) کی فلسطینی عوام کے خلاف اسرائیل کی وحشیانہ جارحیت کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے، او آئی سی کی قرارداد میں کہا گیا کہ حالات کی خرابی کا ذمہ دار مکمل طور پر اسرائیل کو ٹھہراتے ہیں اور مطالبہ کرتے ہیں کہ عالمی برادی اپنی ذمہ داریاں پوری کرے ، او آئی سی نے آن لائن اجلاس میں مطالبہ کیا کہ فلسطینی شہریوں اور ان کی املاک پر جاری حملے فوری بند کیے جائیں ۔ یہ حملے عالمی قانون او مسئلہ فلسطین سے متعلق اقوام متحدہ کی قرار دادوں کی خلاف ورزیاں ہیں - اسرائیل خصوصا غزہ اور تمام مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں وحشیا نہ فوجی حملوں کے نتیجے میں فلسطینی عوام کے خلاف منظم جرائم سے پیدا ہونے والی صورتحال کا پوری طرح ذمہ دار ہے، او آئی سی - مشرقی القدس میں مکانات سے سیکڑوں فلسطینی خاندانوں کو باہر کرنے خصوصا شیخ جراح کے حالات بگاڑنے پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سے قابض اسرائیلی حکام کے وحشیانہ حملے فوری بند کرانے کی اپیل کی ہے - اگر سلامتی کونسل بحران کے حل میں اپنا کردار ادا کرنے میں ناکام رہی تو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے رجوع کیا جائے گا، سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ اسرائیلی خلاف ورزیوں کے خلاف اپنی ذمہ داریاں ادا کریں۔ سعودی وزیر خارجہ نے مقدس مقامات کی پامالی اور مقبوضہ بیت المقدس میں فلسطینیوں کو زبردستی ان کے گھروں سے نکالنے کی مذمت کی۔ انہوں نے عالمی براداری سے کہا کہ وہ فوری طور پر ملٹری آپریشن کو روکنے اور دو ریاستی حل پر مبنی امن مذاکرات بحال کرنے میں اپنا کردار ادا کرے۔ او آئی سی کا ورچول اجلاس وزرائے خارجہ کی سطح پر ہو رہا ہے جو سعودی عرب کی درخواست پر بلایا گیا تھا ۔ سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے اسرائیل پر فلسطینیوں کے حقوق کی کھلی خلاف ورزیاں کرنے کا الزام عائد کیا ہے۔ اسرائیل فلسطینیوں کی واضح حق تلفی کر رہا ہے، ہم اسرائیل کی جانب سے فلسطینیوں کے گھروں پر قبضے کی مذمت کرتے ہیں۔ مقبوضہ بیت المقدس فلسطینیوں کی زمین ہے جس کو کسی طرح کا نقصان ہمیں قبول نہیں ہے۔

تازہ ترین