• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

محلے داروں نے تھانیدار کو لٹنے سے بچا لیا‘ ملزم پکڑ کر پولیس کے حوالے کردیا

راولپنڈی (سٹاف رپورٹر) محلے داروں نے تھانیدار کو لٹنے سے بچا لیا۔ تھانہ سول لائن کے علاقہ گلستان کالونی میں اہل محلہ نے پولیس انسپکٹر کے گھر نقب زنی کی کوشش ناکام بناتے ہوئے تین میں سے ایک ملزم کو پکڑ کر پولیس کے حوالے کر دیا۔ ذرائع کے مطابق ہفتہ اور اتوار کی درمیانی رات گلستان کالونی لین 7میں پونے 2بجے کے قریب تین ملزموں نے آر آئی بی راولپنڈی میں تعینات انسپکٹر راجہ اختر کے گھر داخل ہونے کی کوشش کی۔ ایک ملزم دیوار پھلانگ کر اندر کود گیا جبکہ دو ملزمان باہر کھڑے تھے کہ سکیورٹی گارڈ نے انہیں دیکھ کر شور مچا دیا جس پر اہل محلہ جاگ گئے۔ اہل محلہ نے تعاقب کر کے ایک ملزم کو قابو کر لیا اور 15پر اطلاع دی جس پر تھانہ سول لائن سے تقریباً 20منٹ بعد موبائل گاڑی پکڑے گئے ملزم کو اپنے ہمراہ لے گئی۔ انسپکٹر راجہ اختر بارے بتایا گیا کہ وہ عیدکی چھٹیاں گزارنے کیلئے اپنے اہل و عیال کے ہمراہ اپنے آبائی علاقہ پنڈ دادن خان گئے ہوئے تھے جنہیں فون پر مطلع کر دیا گیا۔ رہائشیوں کا کہنا ہے کہ علاقہ میں اس سے قبل ہونیوالی ڈکیتی کی تین بڑی وارداتوں کا بھی تاحال سراغ نہیں لگایا جا سکا۔ 31دسمبر 2019ء کی رات گلستان کالونی لین سیون میں میجر (ر) ٹیپو سلطان کے گھر چار مسلح نقاب پوش ڈاکوئوں نے انکے ڈرائیور کو گن پوائنٹ پر یرغمال بنا کر واردات کی کوشش کی تھی۔ اس دوران مزاحمت پر فائر کرنے کی بھی کوشش کی۔ 6جنوری کو نیشنل پارک روڈ لین فور میں میجر (ر) محمد اجمل خان کے گھر 4نامعلوم مسلح اشخاص داخل ہوئے اور گن پوائنٹ پر 20تولے طلائی زیورات‘ آئی پیڈ، 4سپیکرز اور ڈیکوریشن پیس چھین کر فرار ہو گئے۔ ان دونوں وارداتوں میں چار ڈاکو گھروں میں گھسے اور ان کا ایک ساتھی گھر کے باہر گاڑی میں موجود رہا۔ 18جنوری 2020ء کو گلستان کالونی لین فائیو میں رہائش پذیر سپریم کورٹ کے ڈپٹی اٹارنی جنرل سہیل محمود کے گھر3 نامعلوم مسلح ملزمان داخل ہوئے اور 2لیپ ٹاپ، طلائی زیورات، ڈائمنڈ انگوٹھیاں، 5ہزار روپے اور ایک سو ڈالرو دیگر سامان چھین کر فرار ہو گئے تھے۔ اہل محلہ کے مطابق حساس ترین علاقہ میں ڈکیتی وارداتوں کا کوئی ملزم تاحال گرفتار نہیں ہو سکا جبکہ پولیس نے بعض دیگر وارداتوں کے ملزموں کے کھاتے میں یہ ڈکیتیاں ڈالنے کی کوشش کے سوا کچھ نہیں کیا۔ مکینوں کا کہنا تھا کہ سب انسپکٹر تنویر احسن کیانی خاصی مدت سے ایس ایچ او سول لائن تعینات ہے لیکن بدقسمتی سے اب تک کسی ڈاکو کو نہیں پکڑ سکا۔ اب جبکہ اہل محلہ نے خود ایک ڈاکو کو پکڑ کر پولیس کے حوالے کیا ہے تو امید ہے پورے گروہ کو کیفر کردار تک پہنچایا جائیگا۔
تازہ ترین