• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسرائیلی مظالم،جامعہ نعیمیہ اور پی ٹی آئی مذہبی ونگ کی احتجاجی ریلیاں

لاہور، چوہنگ(اپنے نامہ نگار سے، نامہ نگار) اسرائیلی مظالم کیخلاف اور مظلوم فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کیلئے ناظم اعلیٰ جامعہ نعیمیہ علامہ ڈاکٹر راغب حسین نعیمی کی اپیل پر جامعہ نعیمیہ سے منسلک ملک کی 7سو سے زائد مساجدو مدارس اور تحریک انصاف مذہبی امور ونگ کے زیراہتمام احتجاجی ریلیاں نکالی گئیں۔ مظاہرین نے اسرائیل کی دہشتگردی کیخلاف احتجاج،اورفلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے عالمی برادری خصوصاً امت مسلمہ سے اپیل کی کہ وہ متحد ہوکر اسرائیلی بربریت کو روکنے کے لئے عملی اقدامات کرے۔ترجمان جامعہ نعیمیہ کے مطابق مساجد و مدارس کے ذمہ داران کی قیادت میں مظاہرین نے اتوار کو نماز ظہر کے بعد مساجد کے باہر پلے کارڈز اٹھاکر پر امن احتجاج کیا ۔ جامعہ نعیمیہ کے باہر علامہ ڈاکٹر راغب حسین نعیمی نے مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیلی مظالم نے امت مسلمہ کی غیرت کو چیلنج کیا ہے اب امہ پر فرض ہے کہ وہ غیرت ایمانی کے ساتھ سینہ تان کر مغرب کے مظالم کا مقابلہ کرے تبھی فلسطینیوں کی آزادی ملے گی اور کشمیر آزاد ہوگا۔کشمیر اور فلسطین سمیت دنیا بھر میں جہاں جہاں مسلمان کفار کے مظالم کا شکار ہیں ان کو ظالموں سے نجات دلانے کیلئے متحد ہونے کا وقت آچکا ہے۔ تحریک انصاف مذہبی امور ونگ کے زیر اہتمام بڑی احتجاجی ریلی دربار بابا عرفانی سندر شریف سے نکالی گئی۔ ریلی کی قیادت پی ٹی آئی مذہبی امور ونگ کے صدر و سجادہ نشین سندر شریف پیر سید محمد حبیب عرفانی نے کی۔ اس موقع پر سید محمد حبیب عرفانی نے خطاب کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ او آئی سی، یورپی یونین اور امریکہ فوری طور پر اسرائیلی جارحیت رکوائیں۔امریکہ جس نے فلسطین کے مسئلے پر سلامتی کونسل کا اجلاس رکوایا وہ اسرائیل کی بربریت کو روکنے میں اپنا کردار ادا کرے۔ او آئی سی مظلوم فلسطینیوں کی مدد کیلئے ٹھوس اقدامات اٹھائے۔ پیر سید عبدالماجد شاہ نےریلی سے خطاب میں کہا کہ ہم مظلوم فلسطینیوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار اور عالمی تنظیموں،طاقتوں سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ اسرائیل کی ظالمانہ کارروائیوں کو فی الفور رکوائے۔ ریلی میں تحریک انصاف مذہبی امور ونگ کے عہدیداروں پیر سید عبدالماجد شاہ،خواجہ محمد اکمل اویسی، محمد یونس چشتی، پروفیسر محمد عدنان فیصل، علامہ محمد اصغر عارف، پروفیسر غلام فرید چشتی، حاجی محمد ایوب، خواجہ محمد عثمان،سید اویس الرحمٰن گیلانی سمیت ہزاروں افراد نے شرکت کی۔شرکاء نے فلسطینیوں کے حق میں اور اسرائیل کے خلاف بھرپور نعرے بازی کی۔ ریلی دربار بابا عرفانی سے شروع ہو کر سندر رائے ونڈ روڈتک گئی۔
تازہ ترین