معروف پاکستانی گلوکار اور سماجی کارکن شہزاد رائے کا فلسطین میں جاری اسرائیلی دہشتگردی پر مغربی دنیا کی خاموشی پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ فلسطین کے مسئلے پر مغرب کی خاموشی شرمناک ہے۔
گلوکار شہزاد رائے نے مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر فلسطینیوں پرجاری اسرائیلی فوج کے وحشیانہ تشدد کی مذمت کرتے ہوئے لکھا ہے کہ ’فلسطین میں ہونے والے مظالم اور ان کی تصاویر سے دہشت گرد تنظیموں کے لیے دنیا بھر میں غمزدہ اور ناراض نوجوانوں کو ان کے انتہا پسندانہ ایجنڈوں پر اکسانے اور بھرتی کرنے میں آسانی ہوگی۔‘
شہزاد رائے نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ ’اس طرح مزید معصوم جانیں ضائع ہوجائیں گی۔‘
انہوں نے مزید لکھا کہ ’فلسطین کے مسئلے پرمغرب کی خاموشی شرمناک ہے۔‘
واضح رہے کہ غزہ کی صورت حال سے متعلق اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا اجلاس بے نتیجہ ختم ہوگیا اور کوئی ٹھوس رد عمل سامنے نہیں آ سکا ہے۔
اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتیرس نے کہا کہ جنگ علاقے کو انسانی بحران سے دوچار کرسکتی ہے۔