• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

50صہیونی طیاروں کی غزہ کے رہائشی علاقوں پر بمباری،بچوں اورخواتین سمیت شہدا کی تعداد 225 سے تجاوز

صہیونی طیاروں کی غزہ کے رہائشی علاقوں پر بمباری،شہدا کی تعداد 225 


مقبوضہ بیت المقدس، استنبول ، اسلا م آباد، واشنگٹن(جنگ نیوز، خبرایجنسیاں، مانیٹرنگ نیوز) 50صہیونی طیاروں کی غزہ کےرہائشی علاقوں پر بمباری، سیکڑوں عمارتیں، اسپتالوں تک جانے والی سڑکیں تباہ، شہدا کی تعداد 225 سے تجاوز کرگئی جن میں 85کے قریب بچے اور35 خواتین بھی شامل ہیں۔

نہتے فلسطینیوں پر اسرائیلی جارحیت اور بمباری پر اردوان نے پوپ فرانسس، امریکی وزیرخارجہ نے قطر، مصر اور سعودی وزرائے خارجہ سے رابطہ کیاہے جبکہ پاکستان، ترکی، فلسطین اور سوڈان مشترکہ لائحہ عمل اختیار کریں گے۔

غزہ میں اسرائیل کی بمباری دوسرے ہفتے میں بھی داخل ہوگئی،گزشتہ صبح 50سے لگ بھگ اسرائیلی طیاروں نے ساحلی علاقے میں شدید بمباری کی،مسلسل 10منٹ تک جاری رہنے والے حالیہ فضائی حملوں سے غزہ شہر شمال سے جنوب تک لرز اٹھا۔

حملوں کے نتیجے میں کئی علاقوں کی بجلی منقطع ہو گئی اور بڑی تعداد میں عمارتوں کو نقصان پہنچا، تازہ حملوں کے نتیجے میں اسپتالوں تک جانے والی تمام سڑکیں تباہ ہوگئی ہیں۔

غزہ کے ایک رہائشی کا کہنا ہے کہ حملوں کی یہ شدت پہلے کبھی نہیں دیکھی گئی،اسرائیل کی جانب سے یہ بمباری حماس کی طرف سے راکٹ حملوں کے جواب میں کیے گئے۔ حماس کے راکٹ حملے میں اسرائیلی شہر اشدود میں کیے گئے جس کے نتیجے میں تین اسرائیلی شہری معمولی زخمی ہوئے۔

فلسطینی وزارت صحت کے مطابق اسرائیلی جارحیت میں غزہ میں گزشتہ پیرسے اب تک 85 بچوں اور 35خواتین سمیت شہید ہونے والوں کی تعداد 225سے تجاوزکرگئی ہے جبکہ ساڑھے 5 ہزار سے زیادہ زخمی ہیں۔مقامی میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیل کے تازہ حملوں میں مرکزی ساحلی سڑک، سیکورٹی کمپاؤنڈز اور کھلی جگہوں کو نشانہ بنایا گیا۔

علا وہ ازیں غزہ میں اسرائیل کی وحشیانہ بمباری اور فلسطینیوں کے قتل عام پراحتجاج کا سلسلہ دنیا بھر میں پھیل گیا،غزہ میں اسرائیلی بربریت کے خلاف لندن میں ہونے والے مظاہرے کے دوران ہزاروں افراد نے اسرائیلی سفارتخانےکی جانب بڑھنےکی کوشش کی،اس کے علاوہ امریکا، فرانس، جرمنی، اسپین، جنوبی افریقا، بیلجیئم، انقرہ، بغداد اور لبنان سمیت دنیا کےکئی شہروں میں اسرائیل مخالف ریلیاں نکالی گئیں۔

ادھر ترک صدر رجب طیب اردوان نے پوپ فرانسس سے فون پر رابطہ کیا ہے،دفتر ترک صدر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ ترک صدر نے پوپ فرانسس سے فلسطینیوں کے قتل عام رکوانے میں مدد پر زور دیا۔

ترک صدر نے پوپ فرانسس سے فلسطینیوں کے قتل عام پر اسرائیل پر پابندیاں لگانے پر بھی زور دیا،ترک صدر کا کہنا ہے کہ جب تک عالمی برادری اسرائیل پر پابندیاں نہیں لگاتی فلسطینی قتل عام کا نشانہ بنے رہیں گے۔

دوسری جانب وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے فلسطین کے سفیر احمد جواد نے غزہ میں اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں پیدا ہونے والی صورتحال پر پاکستان کی ʼواضح پالیسی کا خیر مقدم کیا ہے، اسلام آباد میں احمد جواد نے شاہ محمود قریشی سے ملاقات کے دوران پاکستان کی واضح پالیسی اور غیر متزلزل حمایت کو سراہا ۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے فلسطین کے تحفظ کے لیے عالمی برادری سے رابطوں کے حوالے سے پاکستان کی مسلسل کوششوں کی تعریف کی،فلسطینی سفیر نے وزیر خارجہ کو موجودہ زمینی صورتحال سے آگاہ کیا۔

اس موقع پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے رمضان المبارک کے دوران مسجد اقصیٰ میں نمازیوں پر اسرائیلی فوج کے تشدد کی شدید مذمت کی ،وزیر خارجہ نے فلسطین کے عوام کی انصاف پسند جدوجہد کے لیے پاکستان کی حمایت کا اعادہ کیا۔

یہاں قومی اسمبلی میں فلسطین کے حوالے سے اجلاس کے دوران خطاب کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود نے کہاکہ اجلاس کے بعد میں ترکی جا رہا ہوں، جہاں فلسطین اور سوڈان کے وزرائے خارجہ آرہے ہیں اور سلامتی کونسل اور او آئی سی کے اجلاس پر تبادلہ خیال کرکے نیویارک جانے کا فیصلہ کیا ہے اور نیویارک جا کر پاکستان کی آواز بنیں گے۔

تازہ ترین