• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

رنگ روڈ اسکینڈل، نیب اور اینٹی کرپشن کارروائی کریں گے، شفاف انکوائری کیلئے زلفی بخاری مستعفی

رنگ روڈ اسکینڈل، نیب اور اینٹی کرپشن کارروائی کریں گے


لاہور، اسلام آباد (نیوز ایجنسیاں) چیئرمین نیب نےرنگ روڈ راولپنڈی منصوبے میں بدعنوانیوں کا نوٹس لیتے ہوئے نیب راولپنڈی کو تحقیقات کا حکم دیا ہے، چیئرمین نیب جاوید اقبال نے کہا کہ تمام پہلوئوں کو مدنظر رکھتے ہوئے ذمہ داران کا تعین کا جائے تاکہ انصاف کے کٹہرے میں کھڑا کیا جا سکے، جبکہ وزیراعلیٰ عثمان بزدار کے حکم پر راولپنڈی رنگ روڈ اسکینڈل کی انکوائری ڈی جی اینٹی کرپشن کو سونپ دی گئی، دوسری جانب وزیراعظم کے معاون خصوصی ذوالفقار عباس بخاری نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دیدیا۔

تفصیلات کے مطابق نیب اعلامیے کے مطابق چیئرمین نیب جاوید اقبال نے رنگ روڈ راولپنڈی منصوبہ میں مبینہ طور پر اربوں روپے کی بدعنوانی،بے ضابطگیوں اور غیر قانونی لینڈ ایکوزیشن کا نوٹس لیتے ہوئے نیب راولپنڈی کو تحقیقات کا حکم دیدیا۔

چیئرمین نے ہدایت کی ہے کہ رنگ روڈ راولپنڈی منصوبہ کی تحقیقات بلا امتیاز،میرٹ اور شفاف انداز میں قانون کے مطابق کی جا ئیں جس میں مذکورہ منصوبہ کے تمام پہلوؤں کو مد نظر رکھتے ہوئے ذمہ داران کا تعین کا جائے تاکہ ان کو قانون کے مطابق انصاف کے کٹہرے میں کھڑا کیا جا سکے۔

چیئرمین نیب نے کہاکہ نیب ملک اور قوم کی دولت لوٹنے والے بد عنوان عناصر کو قانون کے مطابق منطقی انجام تک پہنچانے کیلئے پر عزم ہے۔دوسری جانب ترجمان پنجاب حکومت کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ عثمان بزدار کے حکم پر راولپنڈی رنگ روڈ اسکینڈل کی انکوائری ڈی جی اینٹی کرپشن کو سونپ دی ہے۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ کرپشن کے ذمہ دار انجام سے نہیں بچ سکیںگے، ڈی جی اینٹی کرپشن کو راولپنڈی رنگ روڈ اسکینڈل کی تحقیقات کیلئے وسیع البنیاد کمیٹی تشکیل دینے کا حکم دیا گیا اور انکوائری کمیٹی میں متعلقہ ماہرین کو شامل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

دوسری جانب وزیراعظم کے معاون خصوصی ذوالفقار عباس بخاری نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دیدیا۔ زلفی بخاری نے کہا کہ شفاف انکوائری کیلئے اپنے عہدے سے مستعفی ہورہاہوں۔

تازہ ترین