• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

رنگ روڈ انکوائری متنازع، آج کابینہ میں بات کرونگا، غلام سرور

رنگ روڈ انکوائری متنازع، آج کابینہ میں بات کرونگا، غلام سرور 


اسلام آباد (نمائندہ جنگ) وفاقی وزیر ہوا بازی غلام سرور خان نے کہا ہے کہ راولپنڈی رنگ روڈ منصوبہ تربیلا اور منگلا ڈیم کی طرح اہم قومی منصوبہ ہے، ماضی کی حکومتوں نے اس اہم قومی منصوبہ کو نظر اندازکیا۔

موجودہ حکومت منصوبہ کی اہمیت کے پیش نظر اسے ترجیحی بنیادوں پر تعمیر کرنے کا عزم رکھتی ہے، منصوبہ کی الائنمنٹ میں تبدیلی کسی سیاسی مفاد کیلئے نہیں بلکہ تکنیکی بنیادوں پر ماہرین نے تجویز کی۔ 

اب ایک متنازع رپورٹ کی بنیاد پر منصوبہ روکنے کی کوشش کی گئی ہے جس پر وفاقی کابینہ میں بھی آواز اٹھائوں گا،میرا یا میرے خاندان کا کوئی تعلق نہیں، الزام لگانے والوں کو انجام تک پہنچائوں گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو پریس انفارمیشن ڈپارٹمنٹ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ میں یہ بات واضح کرنا چاہتا ہوں کہ اس منصوبہ کی الائنمنٹ پر جو واویلا ہوا اور جو انکوائری کمیٹی تشکیل دی گئی اس کی سربراہی کمشنر راولپنڈی کر رہے تھے جبکہ ڈپٹی کمشنر اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر راولپنڈی اس کے اراکین تھے جبکہ ایک رکن انہوں نے اس میں شامل کرنا تھا، اس انکوائری کمیٹی کی جو رپورٹ مرتب کی گئی اس پر اراکین نے دستخط نہیں کئے اور صرف کنوینئر نے دستخط کرکے یہ رپورٹ ارسال کر دی جس پر وزیراعلیٰ کی طرف سے نوٹس لیا گیا ہے۔

ڈپٹی کمشنر اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر راولپنڈی انتہائی ایماندار افسران ہیں انہوں نے اختلافی نوٹ تحریر کیا ہےیہ معاملہ میں وفاقی کابینہ کے اجلاس میں بھی اٹھائوں گا۔

تازہ ترین