• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پولیس واحد رئیسانی کی شہادت کی تحقیقات میں قانونی تقاضے پورے کرے،والدہ

کوئٹہ(این این آئی)شہید نواجوان صحافی عبدالواحد رئیسانی کی والدہ نے کہا ہے کہ واحد رئیسانی کی شہادت قومی سانحہ ہے ، پولیس سانحہ کی تحقیقات میں قانونی تقاضے پورے کرے تاکہ انصاف کے تقاضے پورے ہوسکیں۔ یہ بات انہوں نے گزشتہ روز بین الاقوامی نشریاتی ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے کہی مقامی روزنامہ کے رپورٹر و سب ایڈیٹر عبدالواحد رئیسانی کو گزشتہ ماہ 24 اپریل کی شب کوئٹہ کے علاقے قمبرانی روڈ پر اس وقت فائرنگ کرکے شہید کیا گیا جب وہ گھر سے اپنے دفتر جارہے تھے۔ شہید صحافی کی والدہ نے بتایا کہ واحد رئیسانی ایک خوددار اور ذہین نوجوان تھا انہوں نے انتہائی نامساعد حالات میں اپنا تعلیمی سفر جاری رکھا اور جس دن اسے شہید کیا گیا اْس ہی دن بلوچستان یونیورسٹی کے شعبہ( ایم کام) میں اس نے داخلہ کیلئے ہونے والا ٹیسٹ پاس کیا تھااور وہ بہت خوش تھا کہ اب وہ مزید اپنا تعلیمی سلسلہ جاری رکھے گا۔ انہوں نے بتایا کہ واحد رئیسانی ایک کامیاب انسان بننا چاہتا تھا جس کیلئے اس نے صحافت کا پیشہ اختیار کیا تاکہ وہ مستقبل میں ایک بہتر ین صحافی بن کر اپنے معاشرے کی خدمت کرے۔انہوں نے بتایاکہ شہید صحافی سے خاندان کے لوگوں کو بہت سی امیدیں وابستہ تھیں اگرسفاک قاتل اس سے اس کی زندگی نہیں چھینتے تو وہ معاشرے کا ایک کارآمد شہری بن کرسامنے آتا۔ انہوں نے بتایا کہ واحد رئیسانی کے اس دنیا سے چلے جانے کا ہم کو ابھی تک یقین نہیں آرہا جس کے چہرے پر ہمیشہ مسکراہٹ تھی کبھی تصور بھی نہیں کرسکتے تھے کہ اس کا چہر ہ دیکھنے کیلئے ترس جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ واحد رئیسانی کی شہادت کے بعد پہلی عید انتہائی افسردگی میں گزاری ہے اس کی ہر بات ہمیں یاد آتی ہے مگر اللہ کے رضاءکے اگے ہم بے بس ہیں۔
تازہ ترین