• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فلسطینیوں کا خون بہہ رہا ہے اور دُنیا سو رہی ہے: حمیمہ ملک

فلم و ٹی وی انڈسٹری کی مقبول ترین اداکارہ حمیمہ ملک نے فلسطینیوں کے لیے اپنی آواز بُلند کرتے ہوئے کہا ہے کہ فلسطینیوں کا خون بہہ رہا ہے اور دُنیا سو رہی ہے۔

مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر جاری کیے گئے پیغام میں حمیمہ ملک نے مظلوم فلسطینیوں سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ  ’ہم ایک دوسرے سے بہت دور ہیں لیکن ہمارے دل ایک ساتھ رنجیدہ ہیں۔‘

حمیمہ ملک نے کہا کہ ’ہم آپ کے درد کو محسوس کرسکتے ہیں اور آپ ہمیشہ ہماری دعاؤں میں ہیں۔‘

اُنہوں نے اُمید ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ’ان قربانیوں کے بدلے فلسطین کو دُنیا نہیں بلکہ اللّہ تعالیٰ انصاف دے گا۔‘

حمیمہ ملک نے اپنے ٹوئٹ میں ہیش ٹیگ FreePalestine بھی استعمال کیا جس کا مطلب ہے کہ ’فلسطین کو آزاد کرو۔‘

واضح رہے کہ اسرائیل کی جانب سے غزہ پر رات گئے شدید بمباری کی گئی، خلیجی میڈیا کا کہنا ہے کہ غزہ پٹی میں 20 منٹ میں 40 فضائی حملے کیے گئے ہیں۔

فلسطینی میڈیا کے مطابق اسرائیلی طیاروں نے غزہ سٹی میں سرکاری عمارت کو بھی نشانہ بنایا،اسرائیلی طیاروں نے غزہ سٹی کےشمالی علاقوں میں بھی بمباری کی۔

گزشتہ کئی روز سے غزہ میں اسرائیلی فوج کی جانب سے بمباری کی جارہی ہے جس میں اب تک تقریباً 225 سے زائد فلسطینی شہید ہوچکے ہیں جن میں 85 کے قریب بچے اور 35 خواتین بھی شامل ہیں جبکہ 10 ہزار افراد بے گھر ہوئے ہیں۔

تازہ ترین