• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سعودیہ پاکستان کو پھر ادھار تیل دے گا، سالانہ 3ارب ڈالر تک موخر ادائیگی کا اصولی فیصلہ ہوگیا، طریقہ کار جلد طے کریں گے، وزیراطلاعات کی تصدیق

اسلام آباد (مہتاب حیدر)سعودیہ پاکستان کو اُدھار تیل دیگا،سالانہ 3 ارب ڈالر تک موخر ادائیگی کا اصولی فیصلہ ہو گیا، طریقہ کار جلد طے ہوگا، وزیراطلاعات کی تصدیق ۔ 

دی نیوز کو معلوم ہوا ہے کہ سعودی عرب نے توسیعی مدت کے لئے سالانہ بنیاد پر تقریباً 3 ارب ڈالرز تک موخر ادائیگیوں پر تیل کی سہولت دوبارہ شروع کرنے پر اصولی طور پر اتفاق کیا ہے تاہم جلد ہی طریقہ کار کو حتمی شکل دے دی جائے گی۔ 

وزیر اعظم عمران خان کے حالیہ دورہ سعودی عرب کے دوران پاکستان نے توسیعی مدت کے لئے موخر ادائیگیوں پر سعودی آئل سہولت (ایس او ایف) کو دوبارہ شروع کرنے کے لئے تازہ درخواست کی ہے۔ 

سعودی حکام نے اصولی طور پر ان کی منظوری کے لئے اتفاق کیا ہے لیکن اس کی صحیح تفصیلات کا پتہ تب چل سکے گا جب دونوں فریق باضابطہ معاہدے پر دستخط کریں گے۔ 

جب وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات فواد چوہدری سے رابطہ کیا گیا اور توسیعی مدت کے لئے ایس او ایف کی بحالی کے بارے میں دریافت کیا گیا تو انہوں نے مختصر جواب میں کہا کہ ہاں یہ تقریباً ہو چکا ہے۔ 

آئندہ مالی سال 2021-22 کے لئے پاکستان کے بجٹ بنانے والوں کو سعودی عرب کی آئل سہولت (ایس او ایف) کی بحالی کے لئے 3 سے 5 سال کی مدت کے لئے مملکت سعودی عرب (کے ایس اے) کے ساتھ معاہدے کے نتیجے میں سہارا ملے گا۔

اس سے قبل سعودی عرب نے 6 ارب ڈالرز کا مالیاتی پیکیج مہیا کیا تھا جس میں 3 ارب ڈالرز اسٹیٹ بینک آف پاکستان میں جمع ہیں اور باقی 3 ارب ڈالرز سالانہ بنیاد پر موخر ادائیگی پر تیل کی سہولت کیلئے ہیں۔ 

تازہ ترین