• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فلسطین میں جاری تشدد او آئی سی کیلئے باعث تشویش ہے، ایمبیسڈر عصمت جہاں

برسلز( حافظ انیب راشد ) یورپین یونین میں اسلامی تعاون تنظیم کی سفیر محترمہ عصمت جہاں نے کہا ہے کہ فلسطینی علاقوں بشمول مشرقی یروشلم میں جاری تشدد او آئی سی کیلئے گہری تشویش کا باعث ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں جنگ اور جیو کی جانب سے فلسطین کی صورتحال کے بارے میں پوچھے گئے سوالات کے جواب میں کیا۔ انہوں نے کہاکہ او آئی سی کے سربراہ سعودی عرب کی قیادت میں اس کی ایگزیکٹو کمیٹی کے وزرائے خارجہ کی سطح پر منعقد ہونے والے اجلاس نے مقبوضہ علاقوں میں فلسطینی عوام کے خلاف اسرائیلی قابض حکام کے بار بار حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ اس کے ساتھ ہی او آئی سی اسرائیلی قبضے کے مقابلے میں فلسطینی عوام کے تاریخی موقف کی ہمیشہ حامی رہی ہے۔ ایمبیسڈر عصمت جہاں نے مزید کہا کہ اسرائیل کے تازہ حملے جن میں سیکڑوں افراد ہلاک و زخمی ہوچکے ہیں اور شہری املاک کو بھی وسیع پیمانے پر نقصان پہنچایا گیا ہے، یہ وحشیانہ اقدامات بین الاقوامی انسانی حقوق اور UNSC کی متعلقہ قراردادوں کی صریح خلاف ورزی ہے۔ او آئی سی کا موقف ہے کہ ان غیر قانونی اقدامات کو ہر سطح پر چیلنج کیا جانا چاہئے۔
تازہ ترین