• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آریانا گرانڈے کروڑ پتی ڈالٹن گومز کیساتھ رشتہ ازدواج میں بندھ گئیں

لاس اینجلس (مانیٹرنگ ڈیسک)امریکی ریپر و گلوکارہ آریانا گرانڈے نے منگنی کے 5 ماہ بعد خاموشی سے شادی کرکے نئی زندگی کا آغاز کردیا۔ شوبز ویب سائٹ ٹی ایم زیڈ اور گلوکارہ کے ترجمان کے مطابق آریانا گرانڈے نے رواں ہفتے شادی کی تاہم یہ واضح نہیں ہے کہ انہوں نے کس دن شادی کی۔ ترجمان نے آریانا گرانڈے کی شادی کی تصدیق 17 مئی کو کی اور اسی دن امریکا میں نئے ہفتے کا آغاز ہوا، خیال کیا جا رہا ہے کہ گلوکارہ نے 17مئی کو ہی شادی کی ہوگی۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ آریانا گرانڈے نے منگیتر 25 سالہ ڈالٹن گومز سے اپنی رہائش گاہ پر انتہائی محدود مہمانوں کی موجودگی میں شادی کی۔دنیا کی معروف ترین اور امیر گلوکاراؤں میں شمار ہونے والی آریانا گرانڈے نے کروڑ پتی صنعت کار ڈالٹن گومز سے محض 20 مہمانوں کی موجودگی میں شادی کی تقریب منعقد کی۔شوبز ویب سائٹ ٹی ایم زیڈ کے مطابق دونوں نے آریانا گرانڈے کی رہائش گاہ پر انتہائی قریبی رشتہ داروں اور دوستوں کی موجودگی میں سادگی سے شادی کی اور ان کی شادی سے یقینا بہت سارے رشتہ دار خوش نہیں ہیں۔ اگرچہ آریانا گرانڈے کے ترجمان نے ان کی شادی کی تصدیق کی لیکن گلوکارہ نے شادی کی کوئی تصویر یا پوسٹ سوشل میڈیا پر شیئر نہیں کی۔آریانا گرانڈے نے دسمبر 2020میں ڈالٹن گومز سے چند ماہ تک تعلقات میں رہنے کے بعد منگنی کی تھی اور جلد شادی کا ارادہ بھی ظاہر کیا تھا۔ڈالٹن گومز سے آریانا گرانڈے کے تعلقات 2020کے آغاز میں استوار ہوئے تھے، اس سے قبل گلوکارہ کے تعلقات امریکی کامیڈین پیٹی ڈیوڈسن سے تھے، جن سے انہوں نے منگنی بھی کر رکھی تھی تاہم ان کی منگنی 2018 میں ختم ہوگئی تھی۔

تازہ ترین