• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چھوٹے کاشتکاروں کو قرضوں کی فراہمی کیلئے میکنزم تیار کیا جائے، وزیر خزانہ

اسلام آباد(نمائندہ جنگ) وزیر خزانہ شوکت ترین نے کہا ہے کہ چھوٹے کاشتکاروں کو قرضوں کی فراہمی کےلیے میکنزم تیار کیا جائے، زراعت کے شعبے میں معاشی استحکام ایک بڑا چیلنج ہے، کاشتکاروں کو بلاسود قرضوں کی فراہمی کے ذریعے ان کی پیداوار میں اضافے کی ضرورت ہے، اس کےلیے مڈل مین کے کردار کو ختم کرنا نہایت ضروری ہے، مڈل مین کے کردار کے ختم کرنے سے کاشتکار کو اپنی زرعی اجناس سے 35فیصد سے 40فیصد تک زیادہ آمدن ہو گی ،گزشتہ روز وزیر خزانہ کی زیر صدارت فارم گیٹ پرائسنگ کے معاملے پر اجلاس ہوا، اجلاس میں فارم گیٹ پرائس میکنزم کا جائزہ لیا گیا اور کاشتکاروں کو تلف پذیر اشیاء جیسا کہ پھل اور سبزیوں کو قریبی منڈی میں پہنچانے کےلیے درپیش مشکلات کا جائزہ لیا گیا ، اجلاس میں مڈل مین کے کردار کا بھی جائزہ لیا گیا جو کاشتکاروں کے اخراجات پر خود پیسے بنا تا ہے خاص طور پر چھوٹے اور درمیانے کاشتکاروں کا استحصال کرتا ہے ، وزیر خزانہ نے زرعی صنعت کی ترقی کےلیے کثیر الجہتی پہلوئوں پر تبادلہ خیال کیا ، انہوں نے کہا کہ مختلف اشیاء کےذخیرہ کےلیے ملک بھر میں ویئر ہائوسز اور کولڈ سٹوریج تعمیر کرنے کی ضرورت ہے تاکہ کاشتکار تلف پذیر اشیاء کی آسانی سے نقل و حمل کر سکیں،کاشتکاروں کو بلاسود قرضوں کی فراہمی سے وہ کھاد ، کیڑے مار ادویات ، بیج اور اخراجات پورے کرنے کے قابل ہو سکیں گے،۔

تازہ ترین