• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

قومی اسمبلی، تین آرڈیننس میں توسیع کی قراردادیں منظور، اپوزیشن کے بلز قائمہ کمیٹیوں کے سپرد

اسلام آباد(نمائندگان جنگ)قومی اسمبلی میں تین آرڈیننس میں توسیع کی قراردادیں منظور،پاکستان نفسیات بل کی بھی منظوری، اپوزیشن کے بلز قائمہ کمیٹیوں کے سپرد، نجی ممبرز کےایجنڈے کو معطل کر کےحکومتی ایجنڈے کو زیر غور لانے کی تحریک پر اپوزیشن کا واک آئوٹ، کور م کی نشاندہی ، بابر اعوان کاکہناتھاکہ آر ڈیننس میں توسیع آئینی ضرورت ہے جبکہ نوید قمر نےکہاکہ کارروائی کا حصہ نہیں بنیں گے۔

گزشتہ روزقومی اسمبلی میں سی ڈی اے ( ترمیمی )آرڈیننس 2021، انکم ٹیکس ( ترمیمی ) آر ڈیننس 2021اورپی اے ایف ایئروارکالج انسٹیٹیوٹ آ ڈیننس 2021 میں 120روز کی توسیع کی قرارداد منظور کر لی گئی ، قرارد اد مشیر پارلیمانی امور بابرا عوان نے پیش کی۔

قبل ازیں اپوزیشن رکن سید محمود شاہ کا انسداد منشیات ( ترمیمی ) بل 2021 حکومت کی مخالفت کے باوجود اسپیکر اسد قیصر نے قائمہ کمیٹی کو بھیج دیا ، آغا رفیع اللہ نے زخمی افراد کو لازمی علاج کی سہولیات کی فراہمی کا ترمیمی بل پیش کیا جس کی حکومت نے بھی حمایت کی اور بل متعلقہ کمیٹی کے سپرد کر دیا گیا۔

احسن اقبال کی طرف سے بین الاقوامی ادارہ برائے امن بل 2021ءپر حکومت اور اپوزیشن کے درمیان اتفاق رائے کے لئے سپیکر نے وقتی طور پر تحریک موخر کردی، سید جاویدحسنین نے انتخابات ایکٹ 2017 میں مزید ترمیم کا بل پیش کیا، وزیر مملکت پارلیمانی امور علی محمد خان نے بل کی مخالفت نہیں کی اور بل متعلقہ قائمہ کمیٹی کے سپرد کر دیا گیا۔

قبل ازیں نجی ممبرز کےایجنڈے کو معطل کر کےحکومتی ایجنڈے کو زیر غور لانے کی تحریک پر اپوزیشن نے ایوان سے واک آئوٹ کر دیااور اپوزیشن رکن ابرار علی شاہ نے کوروم کی نشاندہی کر دی ،ا سپیکر کی ہدایت پر گنتی کرائی گئی تو کورم پورا نکلا جس پر اجلاس کو جاری رکھا گیا۔

قبل ازیں وزیر پارلیمانی امور بابر اعوان نےمعمول کے ایجنڈے کو معطل کر کےحکومتی ایجنڈے پر کارروائی شروع کرنے کی تحریک پیش کی جس پر نوید قمر نے کہا کہ ہم اس کارروائی کا حصہ نہیں بنیں گے ، ساتھ ہی اپوزیشن ارکان واک آئوٹ کر گئے۔ 

بابر اعوان نے کہا کہ آر ڈیننس میں توسیع آئینی ضرورت ہے، شاہدہ اختر نے کہا کہ یہ رولز کے خلاف ہے، اسپیکر نے کہا کہ یہ رولز کے خلاف نہیں ہےاجلاس ختم نہیں کررہے جب تک اپوزیشن کا ایجنڈا ختم نہیں ہو جاتا اجلاس جاری رہے گا۔

بعد ازاں نفسیات کی صحت کی خدمات کو ریگولیٹ کرنے کے لئے نفسیات کونسل کے قیام کے لئے پاکستان نفسیات بل ، گھریلو ملازمین کے حقو ق کے تحفظ کے متعلق بل سمیت دیگر بلوں کی منظوری دے دی گئی۔

کشور زہرا نے دستورترمیمی بل 2021 آرٹیکل 140 الف میں ترمیم ،نوید عامر جیوا بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام ترمیمی بل 2021 ،عبدالاکبر چترالی نے بوڑھے والدین اور بزرگ شہریوں کی دیکھ بھال اور فلاح و بہبود بل 2020 ،کیسومل کھیل داس نے دستور (ترمیمی) بل 2021ءپیش کیا۔

تازہ ترین