• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

PFUJ کی کال پر ملک بھر میں فلسطینیوں کی حمایت میں مظاہرے ، ریلیاں

اسلام آباد‘ راولپنڈی (نمائندگان جنگ) پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کی کال پر فلسطین میں نہتے شہریوں‘ بزرگ‘ بچوں اور خواتین پر مظالم اور میڈیا دفاتر پر وحشیانہ حملوں کے خلاف منگل کو ملک بھر میں احتجاجی مظاہرے‘ ریلیاں منعقد کرکے صحافی برادری و سول سوسائٹی نے اسرائیلی دہشت گردی اور انسانیت سوز مظالم کی مذمت کی۔ انہوں نے عالمی برادری بشمول اقوام متحدہ سے مداخلت پر زور دیتے ہوئے اسرائیل کو فلسطین پر وحشیانہ حملے سے روکنے کا مطالبہ بھی کیا۔ راولپنڈی اسلام آبادیونین آف جرنلسٹس‘ نیشنل پریس کلب راولپنڈی کیمپ آفس‘ بلوچستان یونین آف جرنلسٹس‘ پنجاب یونین آف جرنلسٹس‘ خیبر یونین آف جرنلسٹس‘ فیصل آباد یونین آف جرنلسٹس‘ ایبٹ آباد یونین آف جرنلسٹس‘ حیدرآباد یونین آف جرنلسٹس‘ سکھر یونین آف جرنلسٹس‘ بہاولپور یونین آف جرنلسٹس‘ گوجرانوالہ یونین آف جرنلسٹس‘ رحیم یار خان یونین آف جرنلسٹس‘ اور ملتان یونین آف جرنلسٹس کے زیر اہتمام احتجاجی مظاہرے کئے گئے اور ریلیاں نکالی گئیں۔ جبکہ پی ایف یو جے کی کال پر سکھر یونین آف جرنلسٹس کے زیر اہتمام لاڑکانہ‘ شکارپور‘ جیکب آباد‘ نوشہرو فیروز‘ گھوٹکی‘ خیرپور سمیت سکھر ریجن کے دیگر اضلاع میں جبکہ حیدرآباد میں ٹھٹھہ‘ بدین‘ دادو اور دیگر مقامات پر بھی اسرائیلی بربریت کیخلاف احتجاجی مظاہرے کئے گئے۔ پی ایف یو جے کے مرکزی صدر شہزاد ذوالفقار نے کوئٹہ میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیلی مظالم کے خلاف مذمتی قرارداد پاس کرنا کافی نہیں‘ اسلامی ممالک متحد ہوکر اسرائیل پر دباؤ بڑھائیں تاکہ وہ فلسطینیوں کے قتل عام اور غاصبانہ قبضے سے باز رہے۔

تازہ ترین