• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسرائیلی مصنوعات کا بائیکاٹ، او آئی سی مظالم کیخلاف آواز اٹھائے، اہل سنت پاکستان

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)اہل سنت پاکستان کے مرکزی ناظم اعلیٰ صاحبزادہ پیر خالد سلطان قادری نے کہا ہے کہ مسئلہ فلسطین کسی فرد یا جماعت کا نہیں بلکہ پوری امت مسلمہ کا مسئلہ ہے جس پر امت مسلمہ کو یکجا ہوکر آواز اٹھانے کی ضرورت ہے ، یو این او فوری طو رپر سلامتی کونسل کا اجلاس بلا کر مسلمانوں پر اسرائیلی مظالم کا نوٹس لے، اسرائیلی مظالم کے خلاف او آئی سی بھی اپنا کردار ادا کرئے،مسلم دنیا اسرائیلی مصنوعات کا بائیکاٹ کرے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا ۔،اس موقع پرصوبائی امیر سید حبیب اللہ شاہ چشتی ، مختار احمد حبیبی ، مولانا رزاق و دیگر بھی موجود تھے۔انہوں نے کہاکہ اسرائیل ناجائز اور دہشت گرد ریاست ہے جس نے فلسطینی مسلمانوں پر زمین تنگ کردی ہے ، عالمی برادری صورتحال کا نوٹس لے اور یو این او فوری طور پر مسئلہ فلسطین حل اور اسرائیلی مظالم کی روک تھام کے لئے سلامتی کونسل کا اجلاس بلائے ۔انہوں نے کہا کہ اسرائیلی مظالم کا پوری دنیا اور خاص طور پر انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں کو نوٹس لینا چاہیے ، اسرائیل ایک دہشت گرد ریاست ہے جس کی بنیاد عالمی سازشی قوتوں نے رکھی اور خاص طور پر برطانیہ نے اس کے وجود میں اہم کردار ادا کیا آج اسرائیل پوری دنیا اور باالخصوص مسلمانوں کے لئے درد سر بن چکا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح نے بھی اسرائیل کو ناجائز ریاست قرار دیا تھا چنانچہ پاکستان نے اس ناجائز ریاست اسرائیل کو تسلیم کرنے سے انکار کیا اور ہمیں بحیثیت پاکستانی اس بات پر فخر ہے کہ ہم نے گزشتہ 70 سال میں اسرائیل کو تسلیم نہیں کیا ۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل نے جس بہیمانہ انداز میں مسجد اقصیٰ میں پرامن مسلمانوں کو عبادت کے دوران ظلم و ستم کا نشانہ بنایا اور اس کے بعد سے اب تک مسلسل نہتے مسلمانوں پر غزہ و دیگر علاقوں میں حملے کررہا ہے یہ بربریت کی انتہاء ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سلامتی کونسل کے اجلاس میں مسئلہ فلسطین کے ساتھ ساتھ مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے بھی اقدامات اٹھائے جائیں ۔ انہوں نے مسلم دنیا سے اپیل کی کہ وہ اسرائیلی مصنوعات کا بائیکاٹ کرے اور اسرائیلی مظالم کے خلاف او آئی سی بھی اپنا کردار ادا کرے۔
تازہ ترین