• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حکومت کا تیسرا سال بھی مہنگائی کے لحاظ سے عوام پر بھاری


حکومت کا تیسرا سال بھی مہنگائی کے لحاظ سے عوام پر بھاری رہا، ایک سال میں چینی اوسطاً 16روپے51 پیسے فی کلو، آٹے کا 20 کلو کا تھیلا اوسطاً 118 روپے 55 پیسے، زندہ مرغی برائلر 91 روپے 54 پیسے فی کلو مہنگی ہوئی۔

جبکہ گوشت، دودھ، دہی، چاول اور دالیں بھی مہنگی ہوئیں۔ جون 2020 میں مہنگائی کی شرح 8.59 فیصد تھی، اب بڑھ کر 10.87 فیصد ہوچکی ہے۔ 

مہنگائی میں کمی کے دعوے، وعدے کرکے اقتدار میں آنے والی پی ٹی آئی کی حکومت کا تیسرا سال بھی عوام کے لیے مزید مہنگائی لایا۔ ادارہ شماریات کے مطابق ایک سال میں چینی اوسطاً 16روپے51 پیسے فی کلو مہنگی ہوئی۔

جون 2020 میں چینی کی اوسط قیمت 80 روپے 92 پیسے تھی جو بڑھ کر اب97 روپے 43 پیسے فی کلو ہوچکی۔ آٹے کا 20 کلو کا تھیلا اوسطاً 118 روپے 55 پیسے مہنگا ہوا۔

جون 2020 میں یہ ایک ہزار 10 روپے 14 پیسے کا تھا، اب بڑھ کر ایک ہزار 128 روپے 69 پیسے ہوچکی۔ اسی عرصے میں بکرے کا گوشت 104 روپے 46 پیسے فی کلو مہنگا ہوا۔

ادارہ شماریات کے مطابق گائے کا گوشت 59 روپے 50 پیسے اور زندہ مرغی برائلر 91 روپے 54 پیسے فی کلو مہنگی ہوئی۔ گھی کا اڑھائی کلو کا ڈبہ 129 روپے 36 پیسے مہنگا ہوا۔ تازہ دودھ 10 روپے 79پیسے فی لیٹر، دہی 14روپے 45 پیسے فی کلو مہنگا ہوا۔

ایک سال میں انڈے 30 روپے61 پیسےفی درجن، چاول 7 روپے 64 پیسے فی کلو، دال ماش 11 روپے 70 پیسے، دال چنا 8 روپے 13 پیسے فی کلو، ایل پی جی کا گھریلو سلنڈر 36 روپے 12پیسے مہنگا ہوا۔

ایک سال کے دوران ٹماٹر 6 روپے35 پیسے فی کلو، آلو 10روپے 80 پیسے، پیاز 6 روپے 28 پیسے، دال مسور 4 روپے 28 پیسے اور دال مونگ 50 روپے 46 پیسے فی کلو سستی ہوئی۔

تازہ ترین