• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سعودی سفیر کی وزیراعلیٰ سندھ سےملاقات، پاکستانی حجاج کیلئے چینی ویکسین کی منظوری دینے کا عزم

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی درخواست پر پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف سعید اے المالکی نے کوویڈ -19 کی چین کی ویکسین کی منظوری دینے کے عزم کا اظہار کیا ہے تاکہ پاکستانی حجاج سعودی عرب آسکیں۔ 

یہ بات جمعہ کو اس وقت سامنے آئی جب سعودی عرب کے سفیر نواف سعید اے المالکی کے ساتھ سعودی عرب کے قونصل جنرل بندر الدیال اور شاہ سلمان ریلیف آرگنائزیشن کے وفد نے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے  وزیراعلی ہاؤس میں ملاقات کی۔ 

اجلاس کے آغاز پر وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ سعودی عرب نے عازمین حج کیلئے چین کی COVID-19 ویکسین کی منظوری نہیں دی ہے۔ لہٰذا اس سے پاکستانی عوام میں مایوسی کی لہر دوڑ گئی ہے۔ 

مراد علی شاہ نے کہا کہ پاکستانی حکومت نے اپنے شہریوں کو چین کی COVID-19 ویکسین لگائی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب ہمارے لوگ کافی پریشان ہیں کہ انہیں سعودی عرب جانے کی اجازت نہیں ہوگی کیونکہ ان کے پاس چینی ویکسین کے لگانے کا سرٹیفکیٹ ہے۔ 

سعودی سفیر نے وزیراعلیٰ سندھ کو یقین دلایا کہ چینی ویکسین کی منظوری دی جائے گی اور پاکستان کے لوگوں کو حج کیلئے سعودی عرب میں خوش آمدید کہا جائے گا۔ وزیراعلیٰ سندھ نے سعودی سفیر کا شکریہ ادا کیا۔

ملاقات کے موقع پر سعودی سفارتکاروں کے ساتھ کنگ سلمان میڈیکل سنٹر کا  وفد بھی موجود تھا، جنھیں کراچی اور شکارپور میں ایک ہفتہ طویل میڈیکل کیمپ کا انعقاد کرنا ہے۔

سعودی ڈاکٹرز آنکھوں اور دل کے مریضوں کا علاج کریں گے اور ضرورت پڑنے پر سرجری بھی کریں گے۔

صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر عذرا پیچوہو نے کہا کہ آنکھوں کی سرجری کیمپ میں کی جاسکتی ہے لیکن اوپن ہارٹ سرجری صرف متعلقہ آپریشن تھیٹر میں کی جاسکتی ہے۔ ہمارے پاس سکھر ، ٹنڈو محمد خان اور کراچی میں کارڈیک اسپتال ہیں جہاں اوپن ہارٹ سرجری آسانی سے کی جاسکتی ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے وزیر صحت اور سکریٹری صحت کو ہدایت کی کہ وہ سعودی عرب کے ڈاکٹرز کے ساتھ ایک الگ میٹنگ کریں اور ان کے کیمپوں کیلئے مناسب منصوبہ بنائیں اور انہیں ضروری سہولیات اور تحفظ فراہم کریں۔

وزیراعلیٰ سندھ نے آنے والے مہمانوں کو اجرک اور سندھی ٹوپیاں پیش کیں اور انکے تعاون کرنے پر انکا شکریہ ادا کیا۔

تازہ ترین