• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تمام سرکاری و نجی اداروں کے ملازمین کیلئے ویکسی نیشن لازمی قرار


نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے تمام سرکاری اور نجی اداروں کے ملازمین کے لیے ویکسی نیشن لازمی قرار دے دی۔ جبکہ کاروبار ہفتے میں دو دن کے بجائے ایک دن بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

وزیر منصوبہ بندی اسد عمر کی زیر صدارت این سی او سی کا اجلاس ہوا۔ 

اس حوالے سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق اجلاس میں ملک بھر میں ماس ویکسی نیشن مہم کے لیے سہ جہتی حکمت عملی طے کی گئی۔ 

اس میں تمام شہریوں کی رضاکارانہ طور پر ویکسی نیشن کی حکمت عملی بھی طے کی گئی۔ 

این سی او سی نے تمام سرکاری اور نجی اداروں کے ملازمین کے لیے ویکسی نیشن لازمی قرار دے دی۔ 

این سی او سی نے تمام سرکاری اور نجی اداروں کے ملازمین کو 30 جون تک ویکسین لگوانے کی تاریخ دے دی۔ 

این سی او سی نے مختلف شعبوں کے لیے ویکسین لگوانے کے لیے مراعاتی مہم متعارف کروانے پر غور شروع کردیا۔ 

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق ملک بھر میں ویکسی نیشن مراکز 11 جون سے صبح 8 سے رات 10 بجے تک کھلے رہیں گے۔

این سی او سی کا کہنا تھا کہ جمعہ کو ویکسی نیشن مراکز کھلے رہیں گے، تاہم اتوار کو بند رہیں گے۔ 

این سی او سی نے 18 سال سے زائد عمر کے افراد کے لیے واک ان ویکسی نیشن شروع کرنے کا بھی فیصلہ کرلیا۔ 

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق 11 جون سے 18 سال سے زائد عمر کے افراد واک ان ویکسی نیشن کروا سکیں گے۔

اجلاس میں کاروبار ہفتے میں دو دن کے بجائے ایک دن بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ تاہم ہفتے میں کس دن کاروبار مکمل بند ہوگا، اس کا فیصلہ وفاق کی اکائیاں کریں گی۔ 

اسی طرح ورک فرام ہوم پالیسی میں نرمی کرتے ہوئے دفاتر میں 100 فیصد حاضری کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ 

اسی طرح بین الصوبائی ٹرانسپورٹ پر دو روز کی بندش ختم کرنے کا بھی فیصلہ کرلیا گیا ہے۔ 

تازہ ترین