• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان اور چیک ریپبلک میں باہمی تعاون کے وسیع مواقع موجود ہیں، مجید خالد جمالی، چیک، چیمبر آف کامرس کا افتتاح

برسلز/ پراگ (حافظ انیب راشد) یور پی یونین کے ممبر ملک چیک ریپبلک میں چیک، پاکستان چیمبر آف کامرس کا باقاعدہ افتتاح کر دیا گیا۔ اس حوالے سے سفارت خانہ پاکستان پراگ میں ایک باوقار تقریب منعقد ہوئی جس میں سفیر پاکستان محمد خالد جمالی نے اس تجارتی تنظیم کا افتتاح کیا۔ تقریب میں دونوں ممالک کے درمیان تجارتی تعلقات میں دلچسپی رکھنے والی کمپنیوں کے نمائندگان نے شرکت کی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے چیک ریپبلک میں تعینات سفیر پاکستان محمد خالد جمالی نے بتایا کہ ویسے تو اس تنظیم کی بنیاد مئی 2020 میں رکھ دی گئی تھی لیکن میزبان ملک سمیت دنیا بھر میں موجود وبا کرونا وائرس کی پابندیوں کے باعث اس کی باقاعدہ تقریب اب منعقد کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس تجارتی تنظیم کو بنانے کا مقصد دونوں طرف کی بزنس کمیونٹی کو ایک دوسرے کیلئے موجود مواقع کو تلاش کرنے کیلئے پلیٹ فارم مہیا کرنا ہے ۔ انہوں نے اس موقع پر شرکاء کو پاکستان کی اقتصادی ترقی اور اس میں موجود سی پیک سے جڑے اور دیگر تجارتی امکانات پر تفصیل سے روشنی ڈالی۔ انہوں نے شرکاء کو حکومت پاکستان کی سرمایہ کار دوست پالیسیوں کے بارے میں بتاتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان مائننگ، سیاحت ، آئی ٹی، ایروسپیس، ڈیفینس، قابل تجدید توانائی، ٹیکسٹائل اور گاڑیاں بنانے کے شعبوں میں تعاون کے وسیع مواقع وامکانات موجود ہیں۔ اس موقع پر جمہوریہ چیک سے تعلق رکھنے والی کمپنیوں کے نمائندگان نے سفیر پاکستان محمد خالد جمالی کی اس چیمبر کے قیام میں ذاتی دلچسپی کو سراہتے ہوئے بتایا کہ چیک ریپبلک کول مائننگ ، بھاری مشینری اور پری سیژن انجینئرنگ میں جدید صلاحیتوں کا حامل ہے۔ پاکستانی کمپنیاں اس فیلڈ میں ہمارے ساتھ مشترکہ بزنس کے مواقع تلاش کر سکتی ہیں۔ انہوں نے امید ظاہرکی کہ چیک، پاکستان چیمبر آف کامرس دونوں ممالک کے درمیان تجارتی تعلقات کے فروغ میں اہم کردار ادا کرے گا۔ اس موقع پر پاکستان میں ہونے والے ٹرین حادثے اور کینیڈا میں ہلاک ہونے والوں کیلئے فاتحہ اور ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔ اس تقریب کے مقاصد کے حوالے سے اس نمائندے کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے سفیر پاکستان محمد خالد جمالی نے بتایا کہ مجموعی طور پر جمہوریہ چیک میں طلبہ سمیت 600 پاکستانی موجود ہیں۔ ان میں سے 15 پاکستانی کمپنیاں اس چیمبر کا حصہ ہیں ۔ علاوہ ازیں پاک- بینیلکس اوورسیز چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے عہدیداران نے چیک- پاکستان چیمبر کے قیام پر سفیر پاکستان اور چیمبر کے پاکستانی ارکان کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ یورپ بھر میں مقیم اوورسیز پاکستانی کمیونٹی کی جانب سے آگے آکر تجارتی تعلقات میں اضافے کی کوششوں میں حصہ لینا قابل فخر ہے۔ یہی وہ راستہ ہے جو دنیا میں موجود ترقی کے مواقع تلاش، اور اس میں حصہ دار بن کر اپنے ملک کی تمام شعبوں میں بہتری اور بین الاقوامی دنیا میں اس کے وقار میں اضافے کی کوششوں میں ہمیں حصہ دار بنا سکتا ہے۔

تازہ ترین