فلم و ٹی وی انڈسٹری کے معروف اداکار فیروز خان نے برطانوی اداکار رِض احمد کے حالیہ بیان پر ردّعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ اب اداکار کو تبلیغی کہا جائے گا۔
سوشل میڈیا سائٹ انسٹاگرام پر ایک پیج کی جانب سے رِض احمد کا وہ بیان شائع کیا گیا جس میں اُنہوں نے کہا تھا کہ وہ فلموں میں مسلمانوں کے دکھائے جانے والے انداز میں بہتری لانے کی کوشش کا آغاز کررہے ہیں۔
رِض احمد کے اس بیان پر جہاں اُن کے مداحوں کی جانب سے مختلف ردّعمل دیے گئے تو وہیں اداکار فیروز خان بھی پیچھے نہ رہے۔
فیروز خان نے اپنے ردّعمل میں رِض احمد سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ ’خود کو تبلیغی کہلوانے کے لیے تیار ہوجاؤ لیکن تُم پیچھے نہیں ہٹنا۔‘
اداکار نے رِض احمد کو سراہتے ہوئے کہا کہ ’بھائی! آپ کا بیان سُن کر بہت اچھا لگا۔‘
واضح رہے کہ رض احمد نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ فلموں میں مسلمانوں کے دکھائے جانے والے انداز پر تحقیق سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ مسلمان کرداروں کو فلموں میں بمشکل ہی دکھایاجاتا ہے اور مسلمانوں کے جو کردار بڑے پردے پر دکھائے جاتے ہیں وہ منفی ہوتے ہیں۔
اداکار رض احمد نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر اس بارے میں بتایا تھا کہ انہوں نے مسلمانوں کی بڑے پردے پر نمائندگی میں بہتری لانے کے لیے اننبرگ انکلوژن انیشی ایٹو، پلرز فنڈاور فورڈ فاؤنڈیشن کے ساتھ مل کر ایک چھوٹی سی کوشش کا آغاز کیا ہے۔
رض احمد نے بتایا تھا کہ تحقیق کے مطابق فلموں میں مسلمان کرداروں کو کسی دہشت گرد یا غدار کے طور پر دکھایا گیا تھا یا پھر آدھے سے زیادہ کردار تشدد کا شکار تھے۔
اس حوالے سےاداکار نے لوگوں سے ان کا ساتھ دینے کی اپیل بھی کی تھی، ان کا کہنا تھا کہ وہ یہ کام اکیلے نہیں کرسکتے ہیں اس اقدام کے لیے انہیں سب کےحمایت کی ضرورت ہوگی۔
خیال رہے کہ برطانوی اداکار رض احمد آسکر ایوارڈز میں بہترین اداکار کے لیے نمائندگی حاصل کرنے والے پہلے مسلمان اداکار ہیں۔