• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

صرف سعودی عرب میں مقیم 60 ہزار لوگوں کو حج کی اجازت


جدہ(شاہدنعیم، نیوز ایجنسی) سعودی وزارت حج و عمرہ نے امسال فریضہ حج کی ادائیگی اندرون ملک کے عازمین تک محدود کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ سعودی وزارت حج نے کہا ہے کہ سال رواں کے حج میں صرف 60 ہزار سعودی شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں کو فریضہ حج کی ادائیگی کی اجازت ہوگی-

دنیا بھر میں کورونا وبا کی صورتحال اور وائرس کی نئی شکلیں ظاہر ہونے کے باعث حج اندرون ملک کے عازمین تک محدود کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ شرائط میں وزارت نے کہا ہے کہ 18 سال سے 65 سال کی عمر کے ان عازمین کو حج کی اجازت دی جائیگی جنہوں نے کورونا ویکسین کے دونوں ٹیکےلگوا رکھی ہے۔

دوسری جانب وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے سعودی ہم منصب نے ٹیلی فون پر رابطہ کیا ، سعودی وزیر خارجہ نے شاہ محمود قریشی کو حج پالیسی سے متعلق آگاہ کیااورعازمین کی حفاظت کے لئے اٹھائے گئے اقدامات پر اعتماد میں لیا۔

دفترخارجہ کا کہنا ہے کہ وزراء خارجہ کی وزیراعظم کے دورہ سعودی عرب کے دوران معاہدوں میں پیش رفت پر گفتگو کی گئی۔شاہ محمود قریشی نے علاقائی سالمیت اور خود مختاری میں سعودی عرب کے ساتھ تعاون جاری رکھنے کا اعادہ کیا۔

دفتر خارجہ کے مطابق دونوں وزرائے خارجہ نے دوطرفہ اور علاقائی امور پر بھی گفتگو کی۔تفصیلات کے مطابق سعودی وزارت و عمرہ نےتاکید کی ہے کہ سعودی حکومت کے نزدیک عازمین حج کی سلامتی اولین ترجیح ہے، انسانی جانوں کی سلامتی کا تحفظ اسلامی شریعت کا بھی اولین اصول بنانا ہے۔ 

عالمی وبا کے باعث مشاعر مقدسہ میں زیادہ اژدھام لگانا اور ان میں سلامتی کے اصولوں کا انطباق کرنا انتہائی مشکل کام ہے۔لہذا تمام تر صورتحال اور خدشات کا جائزہ لینے کے بعد فیصلہ کیا گیا ہے کہ گزشتہ سال کی طرح امسال بھی اس فریضے کی ادائیگی کو محدود کیا جائے گا۔ 

یہ بھی فیصلہ کیا گیا ہے کہ اندرون ملک سے حج کے خواہشمند آن لائن سسٹم سے حج کی درخواست آج اتوار کو ایک بجے دوپہر کے بعد جمع کرائیں گے۔ حج کی درخواستیں جمع کرانے کے لئے الیکٹرانک طریقہ کار آئندہ دنوں جاری کیا جائے گا۔ 

وزارت حج نے کہا ہے کہ امسال حج کے لئے جن ضوابط کا اعلان کیا جارہا ہے وہ یہ ہیں کہ خواہشمند سعودی شہری ہوں یا سعودی عرب میں مقیم کسی بھی ملک سے تعلق رکھنے والا غیر ملکی ہو۔ صحت مند اور توانا ہو، کسی بھی قسم کی مستقل بیماریوں میں مبتلا نہ ہو۔ خواہشمند کی عمر 18 سے 65 سال کے درمیان ہو اور کورونا ویکسین لگوا چکا ہو۔ توکلنا ایپ میں اس کا اسٹیٹس دو خوراکیں۔

ایک خوارک کو 14 دن ہوگئے یا وائرس کا شکار ہونے کے بعد ویکسین لگوانے والے ظاہر ہو رہا ہو۔ وزارت نے کہا ہے کہ حج کے لئے مذکورہ بالا ضابطوں کی پابندی خود عازمین حج کی سلامتی اور ان کے اپنے ملکوں کے تحفظ کے لئے ہے۔

تازہ ترین