• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نیٹو سرابرہی اجلاس کل برسلز میں ہوگا، بائیڈن سمیت دیگر شرکت کریں گے


نیٹو کا سربراہی اجلاس کل (14 جون کو ) نیٹو ہیڈ کوارٹر برسلز میں منعقد ہوگا۔ جس میں امریکی صدر جو بائیڈن سمیت نیٹو اتحاد کے 30 ممبر ممالک کے سربراہان شرکت کریں گے۔

نیٹو کے اعلامیے کے مطابق نیٹو سمٹ 2021 میں شریک راہنما جس اہم موضوع پر تبادلہ خیال کریں گے اس میں اتحاد کے مستقبل کے بارےمیں ' نیٹو 2030 انیشیٹیوو ' کو اپنانے کیلئے ٹھوس اقدامات پر اتفاق شامل ہے۔

اس کے علاوہ الائنس کے باہمی اتحاد کو مزید وسعت دینے کا طریقہ، سیکورٹی کیلئے اپنے نقطہ نظر کو وسیع کرنے ، قواعد پر مبنی بین الاقوامی آرڈر کو تحفظ فراہم کرنے میں اپنا کردار اداکرنے اور نیٹو کو آج اور آنے والے کل کے چیلنجز سے نمٹنے کیلئے تیار کرنے جیسے موضوعات بھی زیر غور آئیں گے۔

علاوہ ازیں نیٹو سمٹ میں شرکا روس کے جارحانہ طرز عمل ، دہشت گردی، سائبر حملوں اور دیگر 'خلل ڈالنے' والی ٹیکنالوجی، چین کا عروج اور ماحولیاتی تبدیلیوں کے حفاظتی مضمرات پر بھی گفتگو کریں گے۔ دوسری جانب اس سمٹ سے قبل نیٹو نے اپنے تمام اتحادی ممالک میں کیے گئے ایک سروے کے نتائج کا بھی اعلان کیا ہے۔

جس کے مطابق 83 فیصد شرکاء کا خیال ہے کہ نارتھ امریکہ اور یورپ کے درمیان شراکت ان کی سیکورٹی کیلئے ضروری ہے ۔ جبکہ 55 فیصد نے خیال ظاہر کیا کہ اس تعاون میں مزید اضافہ ہونا چاہیے۔ اسی طرح 86 فیصد نے نیٹو کے مستقبل پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کے ملک کو نیٹو کا ممبر رہنا چاہیے۔

اجتماعی حفاظت کے تصور پر سروے کے شرکاء کا کہنا تھا کہ اگر ایک نیٹو ممبر ملک پر حملہ ہو تو اس کے دفاع میں ان کے ملک کو بھی شامل ہونا چاہیے۔ اسی طرح 70 فیصد نے رائے دی کہ موجودہ دفاعی اخراجات کو برقرار رکھا جائے۔ اس سروے کے ایک اور اہم نکتے کے مطابق گذشتہ 12 ماہ میں، روس اور چین کے متعلق یورپین عوام کی رائے پہلے کے مقابلے میں خراب ہوئی ہے۔

تازہ ترین