• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اِمسال فادرز ڈے کےلیے دُنیا بَھر میں کھانے کے مینیو کا جو تھیم منتخب کیا گیا ہے، وہ ’’گرلڈ ڈشز‘‘ ہیں، تو کیا خیال ہے،آج شفقت بَھرے، گھنیرے سائے، اپنے ابّو کے لیے اپنے ہاتھ سے کوئی گرل ڈش نہ تیار کی جائے، تو پھر دیر کس بات کی ہے، چندترا کیب ہماری جانب سے بھی حاضر ہیں۔

اسپیشل گرل چکن

اجزاء: چکن (لیگ پیسز)آدھا کلو،لیموں کا رس تین کھانے کے چمچ،ادرک، لہسن کا پیسٹ ایک کھانے کا چمچ، لال مرچ (کُٹی ہوئی)ایک چائے کا چمچ،لال مرچ پاؤڈر ایک چائے کا چمچ،نمک حسبِ ذائقہ، برائون شوگر ایک چائے کا چمچ، شہد ایک کھانے کا چمچ،ہرا دھنیا(کُوٹ لیں) دو کھانے کے چمچ،ہری مرچ(کُٹی ہوئی) تین عدد، ہلدی ایک چائے کا چمچ، گرم مسالا پاؤڈر ایک چائے کا چمچ، پودینا (کُوٹ لیں)دو کھانے کے چمچ،ٹماٹر کا پیسٹ دو کھانے کے چمچ، دہی (پھینٹ لیں) چار کھانے کے چمچ اور تیل حسبِ ضرورت۔

ترکیب: لیگ پیسز درمیان سے دو حصّوں میں کرکے تھائی اور ڈرم پیسز الگ الگ کر یںاور چُھری کی مدد سےکٹ لگالیں۔ اب ایک پیالے میں تمام اجزاء ڈال کر خُوب اچھی طرح مِکس کریں اورچکن کے پیسز پر لگا کر ایک گھنٹے کے لیے رکھ دیں۔اس کے بعد گرل پین گرم کرکے چند قطرے تیل شامل کر کے گریزکرلیں اورہلکی آنچ پر چکن کے پیسز گولڈن ہونے تک گرل ہونے دیں۔لیجیے، مزے دار اسپیشل چکن گرل تیار ہے۔

جوسی چکن اسٹیک

اجزاء: چکن(بون لیس پیسز) آدھا کلو، شملہ مرچ(لمبائی میں کاٹ لیں) ایک عدد، ٹماٹر(باریک کاٹ لیں) ایک عدد، پیاز (باریک کاٹ لیں)ایک عدد، کالی مرچ پاؤڈر ایک چائے کا چمچ، نمک ایک چائے کا چمچ، سویا ساس دو کھانے کے چمچ، مسٹرڈ پیسٹ ایک کھانے کا چمچ، چلی ساس دو کھانے کے چمچ، پانی اور تیل حسبِ ضرورت۔

ترکیب: چکن ہلکا سا فرائی کر کے اس پر مسٹرڈ پیسٹ لگائیں۔ پھر نمک اورکالی مرچ اچھی طرح لگا کر تیس منٹ کے لیے رکھ دیں۔ بعد ازاں، گرل پین پر دو کھانے کے چمچ تیل ڈال کر گرم کرکےدونوں طرف سے سینک لیں۔ اب پین میں تیل کڑکڑا کر اس میں شملہ مرچ، ٹماٹر، پیاز ڈال کر ذرا سا فرائی کرکے سویا ساس، چلی ساس اور پانی ڈال کر دو منٹ پکا کر اسٹیک پین میں چکن رکھ کر اوپر سے سویا ساس ڈال کر پیش کریں۔

روسٹ بیف

اجزاء: گائے کا گوشت(ثابت ٹکڑا)ایک کلو، پیاز (باریک کاٹ لیں) ایک عدد، گاجر (باریک کَٹی ہوئی) دو عدد، ہری مرچ چار عدد، ٹماٹر (باریک کاٹ لیں) ایک عدد، مسٹرڈ پیسٹ دو کھانے کے چمچ،لال مرچ(کُٹی ہوئی)ایک کھانے کا چمچ،کالی مرچ(کُٹی ہوئی)تین چائے کے چمچ، لہسن (کُوٹ لیں) تین جوے، روز میری ایک کھانے کا چمچ، نمک حسبِ ذائقہ اور تیل حسبِ ضرورت۔

ساس کے اجزاء اور ترکیب: لال مرچ(کُٹی ہوئی)ایک کھانے کا چمچ، فریش کریم آدھی پیالی، گائے کی یخنی آدھی پیالی اور نمک حسبِ منشاء۔تمام اجزاء مِکس کرکےایک پین میں گاڑھا ہونے تک پکاکر چولھا بند کردیں۔

روسٹ بیف بنانے کی ترکیب: گائے کے گوشت پر لال مرچ، کالی مرچ، مسٹرڈ پیسٹ، روز میری، نمک اور حسبِ ضرورت تیل لگا کر پانچ گھنٹے کے لیے رکھ دیں۔اوون کی ٹرے گریز کرکے پیاز، گاجر، ٹماٹر اورہری مرچ پھیلادیں۔اب اس پر گوشت رکھ کر المونیم فوائل سے کور کردیں اور پہلے سے گرم اوون میں 180C ڈگری پر40 منٹ تک بیک کریں۔پھر المونیم فوائل ہٹا کر مزید 10 منٹ تک بیک کرکے سَرونگ ڈش میں رکھ دیں۔اس کے بعد گوشت کے ٹکڑے کاٹ کر ساس چِھڑک کر پیش کریں۔ (فرخندہ یامین، کراچی)

تازہ ترین