• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سنجے رائے نے شاہ رخ خان کی تھیٹر کے دور کی تصویر شیئر کردی

نئی دہلی(مانیٹرنگ ڈیسک) بولی وڈ کنگ شاہ رخ خان ان دنوں اپنی آنے والی فلم ’پٹھان‘ کے حوالے سے خبروں میں ہیں اور حال ہی میں ان کی ایک تصویر کافی مقبول ہوئی تھی ،جس میں سپر اسٹار نے کام پر واپسی کی بات کی تھی۔ دریں اثنا، کنگ خان کی ایک اور تصویر وائرل ہو رہی ہے، جو کافی پرانی ہے اور اس زمانہ کی ہے، جب شاہ رخ خان تھیٹر میں دلچسپی رکھتے تھے۔ٹوئٹر پرایک صارف نے شاہ رخ خان کی بلیک اینڈ وائٹ تصویر کو شیئر کیا، جس میں وہ کافی دبلے نظر آ رہے ہیں اور ساتھیوں کے ساتھ کسی ریلوے اسٹیشن پر موجود ہیں۔ اس تصویر میں شاہ رخ خان کے ساتھ سنجے رائے بھی نظر آ رہے ہیں جو اب ایک ایونٹ منیجمنٹ کمپنی میں منیجنگ ڈائریکٹر کی حیثیت سے کام کرتے ہیں۔ سوشل میڈیا پر اس تصویر کے وائرل ہونے کے بعد سنجے رائے نے تصویر سے وابستہ پرانی یادوں کو تازہ کیا ہے۔سنجے نے بتایا کہ یہ تصویر اس وقت کی ہے جب وہ ہدایتکار بیری جان کے ڈرامے ’رف کراسنگ‘ کے لئے کلکتہ جانے والے تھے۔ برسوں پرانی شاہ رخ کی اس تصویر کو شاید ہی کسی نے دیکھا ہو۔ اداکار کے لئے یہ تصویر خاص ہے لیکن ان کے مداحوں کے لئے بھی یہ کسی تحفہ سے کم نہیں ہے۔خیال رہے کہ شاہ رخ خان نے کچھ سال تھیٹر میں کام کرنے کے بعد ٹی وی کا رخ کیا تھا۔ انہوں نے اپنی اداکاری کا آغاز 1989 میں ’فوجی‘ سیریل سے کیا تھا۔ پھر کچھ اور سیریلز میں نمودار ہونے کے بعد فلم ’دیوانہ‘ کے ساتھ بولی وڈ میں قدم رکھا۔ شاہ رخ کو آخری بار 2018 میں فلم ’زیرو‘ میں دیکھا گیا تھا۔ اب ایک طویل وقفے کے بعد ’کنگ خان‘ آنے والی فلم ’پٹھان‘ کے ساتھ واپسی کرنے کے لئے تیار ہیں۔

تازہ ترین