• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

KP بجٹ، زیروٹیکس، تنخواہوں میں 25فیصد اضافہ کا اعلان

پشاور(نمائندہ جنگ ) خیبر پختونخوا حکومت نے آئندہ مالی سال 2021-22 کے بجٹ میں کوئی نیا ٹیکس نہ لگانے اور سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں25فیصد اضافہ کا اعلان کیا ہے ، صحت پلس کارڈ کا دائرہ صوبہ کے تمام عوام تک پھیلایا جائیگا ، قبائلی اضلاع کیلئے بڑا بجٹ ہوگا،موجودہ ٹیکسوں کی شرح میں ردوبدل ہوگی ، قبائلی اضلاع کے ترقیاتی بجٹ کیلئے60ارب مختص ہوں گے، ڈیرہ اسماعیل خان موٹر وے، دیر ایکسپریس وے، سوات موٹر وے فیز ٹو اور چشمہ رائٹ بینک کنال منصوبہ کا آغاز ہوگا، وزیر اعظم بالا کوٹ ہائیڈل پاور پراجیکٹ کا افتتاح کریں گے، صوبہ کی مالی مشکلات کے باوجود ترقیاتی بجٹ پر کوئی سمجھوتا نہیں کیا جائیگا جبکہ قبائلی اضلاع کو فنڈز کی فراہمی کا وعدہ بھی پورا کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر وزیر خزانہ تیمور سلیم جھگڑا ، وزیر بلدیات اکبر ایوب اور معاون اطلاعات کامران بنگش بھی موجود تھے، وزیر اعلیٰ محمود خان نے کہاکہ صوبے میں متعدد میگا ترقیاتی منصوبے میچور ہو چکے ہیں اور اگلے دو تین مہینوں کے اندر ان منصوبوں پر عملی کا م کا آغاز کیا جائے گا ، صوبے میں صحت کے نظام کو مزید مستحکم کرنے کیلئے کئی ایک اہم منصوبوں پر کام جاری ہے جن کے نتائج اگلے پانچ سے چھ مہینوں کے دوران سامنے آنا شروع ہو جائیں گے ، اُنہوں نے واضح کیا کہ صوبہ بھر میں غیر قانونی تجاوزات ، تعمیرات اور قبضوں کے خلاف مہم بھر پور طریقے سے جاری رہے گی اور غیر قانونی تجاوزات کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائیگی ۔

تازہ ترین