• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

الارم بجنے سے پہلے ہی اکثر لوگ کیوں جاگ جاتے ہیں، ماہرین نے وجہ دریافت کر لی

کراچی (نیوز ڈیسک) ایک نئی تحقیق میں ماہرین نے یہ وجہ بتانے کی کوشش کی ہے کہ صبح جاگنے کے وقت الارم بجنے سے قبل ہی ہماری آنکھ کیوں کھل جاتی ہے۔ غیر ملکی میڈیا میں شائع ہونے والی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ گہری نیند میں بھی ہمارا جسم وقت کا پتہ لگانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ہر انسان کے جسم میں ایک قدرتی گھڑی ہوتی ہے جسے اعصاب ایک چھوٹی گیند کنٹرول کرتی ہے جسے Suprachiasmatic کہا جاتا ہے، اور یہ گیند دماغ کے وسط میں موجود ہے۔ یہ اعصاب بلڈ پریشر، جسم کا درجہ حرارت اور ہمارے وقت کے احساس کو کنٹرول کرتے ہیں اور یہ بھی طے کرتے ہیں کہ آپ کو کب سونا چاہئے اور کب اٹھنا چاہئے۔ جسم میں پائی جانے والی یہ قدرتی گھڑی آپ کے معمولات کے مطابق کام کرتی ہے اور اس وقت بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتی ہے جب آپ روزانہ رات کو ایک وقت پر سوتے اور صبح کو اٹھتے ہیں۔ سونے اور جاگنے کے وقت کا تعین کرنے کیلئے جسم میں پی ای آر نامی ایک پروٹین ہوتا ہے، جسم میں اس کی مقدار شام کے وقت بڑھنا اور رات میں کم ہونا شروع ہو جاتی ہے۔ پی ای آر کم ہو تو بلڈ پریشر کم رہتا ہے اور دل کی دھڑکن بھی سست ہو جاتی ہے، سوچنے کا عمل مشکل ہو جاتا ہے۔ یہی وہ احساس ہے جسے ہم تھکن کا نام دیتے ہیں۔ اگر آپ مستقل ایک ہی وقت پر سونے کے عادی ہیں تو آپ کا جسم قدرتی گھڑی کے ساتھ ہم آہنگ ہو کر آپ کے پی ای آر لیول کو اس وقت بڑھا دے گا جب صبح میں آپ کا الارم بجنے والا ہوگا۔ پی ای آر لیول صبح میں جاگنے سے ایک گھنٹہ قبل بڑھنا شروع ہو جاتے ہیں جس سے ہمارا جسم پریشانی محسوس کرتے ہوئے جاگنے کی تیاری شروع کر دیتا ہے۔

تازہ ترین