• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بارز پر اعلیٰ عدالتوں کے ججز کیخلاف قراردادیں منظور کرنے کیلئے دباؤ ڈالا گیا نہ ایسی ہدایات جاری کی گئی ہیں، وزارت قانون

اسلام آباد (خبر نگار) وزارت قانون وانصاف کے ترجمان نے واضح کیا ہے کہ حکومت پاکستان اور وزارت قانون کی جانب سے ملک بھر کی بارز کو اعلیٰ عدالتوں کے ججز کے خلاف قراردادیں منظور کرنے کے حوالے سے کوئی دباؤ ڈالا گیا ہے اور نہ ہی انہیں کوئی ایسی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ ایک بیان میں ترجمان کا کہنا تھا کہ ان خبروں میں کوئی صداقت نہیں جن میں کہا گیا ہے کہ وفاقی حکومت تحصیل بارز ، ڈسٹرکٹ بارز اور ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشنز پر سپریم کورٹ اور اعلیٰ عدلیہ کے ججوں کے خلاف قراردادیں جاری کرنے کے لئے دباؤ ڈال رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسی خبریں مکمل طورپر من گھڑت، مضحکہ خیز اور جھوٹ پر مبنی ہیں۔ وزارت قانون و انصاف کے ترجمان نے واضح کیا کہ وفاقی حکومت اور نہ ہی وزارت قانون نے ایسی کوئی ہدایات جاری کی ہیں اور نہ ہی کسی بار پر اس قسم کا دباؤ ڈالا جا رہا ہے۔واضح رہے کہ سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے سابق صدر امان اللہ کنبرانی نے اپنے ایک بیان میں الزام لگایا تھا کہ حکومت کی جانب سے گرانٹ ان ایڈ کی مد میں وکلاء تنظیموں کو دی جانے والی رقم کیلئے حکومت کی جانب سے مشروط پیشکش کی جارہی ہے اور بعض معاملات میں ان کی حمایت کیلئے کہا جارہا ہے جو ہم نہیں کرینگے۔ 

تازہ ترین