• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

میں بھی ہوں تو کارروائی کریں، پولیس طاقتوروں اور قانون شکنوں سے سختی کرے، عمران خان

اسلام آباد(ایجنسیاں)وزیراعظم عمران خان نے پولیس کو ہدایت کی ہے کہ کسی طاقتور یا قانون شکن پرہاتھ ڈالنے سے گریز نہ کیا جائے نہ ان کے ساتھ کوئی رعایت برتی جائے اور نہ کسی کا لحاظ کیا جائے‘کوئی مقدس گائے نہیں ‘‘ اگر میں بھی قانون توڑوں یا کوئی وزیر تو کارروائی کی جائے ۔ 

اگر ایسا نہیں کیا گیا تو میں پولیس کے خلاف کارروائی کروں گا‘کمزور لوگوں پر رحم کیا جائے ، قانون کی بالادستی سے ہی معاشرہ ترقی کرتاہے ۔ 

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو یہاں سیف سٹی ہیڈ آفس کے دورے اور ایگل اسکواڈ کے افتتاح کے موقع پر کیا۔ وزیراعظم نے کہاکہ جس میں ملک میں پولیس اپنا کام صحیح طریقے سے کرتی ہے وہاں خوشحالی آتی ہے کیونکہ معاشرے میں امن ہوتا ہے۔

قانون کے نفاذ کا مطلب محض چھوٹے لوگوں کو جیلوں میں ڈالنا نہیں ، پولیس دیہاڑی دار مزدور اور کمزور طبقے کے ساتھ سختی سے پیش نہ آئے ، ان پر رحم کرے ، طاقتور کے ساتھ سختی سے پیش آئے اور اسے قانون کے نیچے لائے ،قانون کی عملداری اسی کا نام ہے۔ 

وزیراعظم نے کہاکہ جس معاشرے میں قانون کی بالادستی ہوتی ہے وہی معاشرہ ترقی کرتا ہے‘قانون کا نفاذ نہ ہونے سے ہی ہم ترقی میں پیچھے رہ گئے ہیں‘ جن ملکوں میں پولیس مستعدی اور ایمانداری سے کام کرتی ہے وہاں خوشحالی آتی ہے۔

تازہ ترین