• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پی ایس ایل 6: یونائیٹڈ نے زلمی کا بھرکس نکال دیا، جیت کیلئے 248 رنز کا ہدف


اسلام آباد یونائیٹڈ کے بلے بازوں نے پشاور زلمی کا بھرکس نکال دیا، کپتان عثمان خواجہ کی شاندار بیٹنگ کی بدولت اسلام آباد یونائیٹڈ نے پشاور زلمی کو جیت کے لیے 248 رنز کا ہدف دے دیا۔ 

ابوظبی میں جاری ایونٹ کے 26ویں میچ میں پشاور زلمی کے کپتان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔

یونائیٹڈ نے ابتدا سے ہی پشاور زلمی کو آؤٹ کلاس کردیا اور ان کی بہترین بولنگ لائن کی ایک نہ چلنے دی۔ 

اسلام آباد یونائیٹڈ کے قائم مقام کپتان عثمان خواجہ نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 105 کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلی۔ 

ان کی اس عمدہ اننگز میں 13 چوکے اور 3 بلند و بالا چھکے بھی شامل رہے۔ 

دیگر کھلاڑیوں میں کولن منرو نے 28 گیندوں پر 48 رنز، آصف علی نے برق رفتار 14 گیندوں پر 43 اور برینڈن کنگ نے 22 گیندوں پر 46 رنز کی ناقابلِ شکست اننگ کھیلی۔ 

اسلام آباد نے مقررہ 20 اوورز میں صرف 2 وکٹوں کے نقصان پر 247 رنز کا پی ایس ایل کا ریکارڈ ٹوٹل بنادیا۔ 

اس سے قبل بھی سب سے بڑے ٹوٹل کا ریکارڈ اسلام آباد یونائیٹڈ کے ہی پاس 238 رنز کا تھا، جو اس نے 2019 میں لاہور قلندر کے خلاف بنایا تھا۔ 

 خیال رہے کہ پشاور زلمی کی ٹیم 10 پوائنٹس کے ساتھ ٹیبل پر دوسرے نمبر پر ہے جبکہ اسلام آباد یونائیٹڈ 12 پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبر پر ہے۔ 

اسلام آباد یونائیٹڈ کی کپتانی آج عثمان خواجہ کر رہے ہیں جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں کالن منرو، برینڈن کنگ، حسین طلعت، افتخار احمد آصف علی، محمد اخلاق، حسن علی، ظفر گوہر، فواد احمد اور عاکف جاوید شامل ہیں۔ 

پشاور زلمی کی ٹیم کپتان وہاب ریاض، کامران اکمل، حضرت اللّٰہ زازئی، امام الحق، شعیب ملک، رومین پاول، شرفین ردرفرڈ، ابراد احمد، عمید آصف، وقار سلام خیل اور سمین گل پر مشتمل ہے۔

تازہ ترین