• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کابل، امریکی سفارتی عملے کے 114 اراکین کورونا سے متاثر، ایک کی موت، سفارتخانہ بند

واشنگٹن (اے پی پی) افغانستان کے دارالحکومت کابل میں امریکی سفارتخانے کے عملے کے114 اراکین کے کورونا سے متاثر ہونے اور ایک رکن کی موت کے بعد سفارتخانہ بند کر دیا گیا ہے تمام عملہ اپنے کوارٹرز تک محدود ، ان ڈور ملاقاتوں اور مل کر کھیلنے پر بھی پابندی، ویکسینشن کی حوصلہ افزائی بھی کی گئی۔ امریکی سفارتخانے کی انتظامیہ نے گزشتہ روز ایک نوٹس میں سفارتخانہ بند کرنے کے احکامات جاری کرتے ہوئے کہا کہ افغانستان میں کورونا کی تیسری لہر کے باعث عملے کے 114 اراکین متاثر ہوئے ہیں جبکہ ایک رکن ہلاک ہو ااور کئی دیگر افراد کو طبی سہولیات فراہم کی گئی ہیں ۔ سفارتخانے نے کہا کہ اکیلے ورزش کرنے یا کھانے پینے کی اشیا خریدنے کے علاوہ تمام عملہ اپنے کواٹرز میں رہنے کا پابند ہے جبکہ زیادہ تر ان ڈور ملاقاتوں اور مل کر کھیلنے پر بھی پابندی لگا دی ہے،خلاف ورزی پر ارکان کو ملازمت سے برطرف کر کے اگلی پرواز سے واپس بھیج دیا جائے گا۔ دریں اثنا امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان نیڈ پرائس نے کہا ہے کہ ملازمین کو ویکسین لگانے کی حوصلہ افزائی کی گئی ہے اور توقع ہے کہ سفارتخانے کے آپریشنز جلد بحال ہو ں گے ۔

تازہ ترین