• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عاطف اسلم کو ارجیت سنگھ کیساتھ پرفارم کرنے کی خواہش

پاکستان سمیت سرحد کے اُس پار یعنی بھارت میں بھی اپنی گلوکاری سے لاکھوں مداحوں کے دلوں میں گھر کرنے والے عالمی شہرت یافتہ گلوکار عاطف اسلم نے بھارتی گلوکار ارجیت سنگھ کے ساتھ پاکستان میں پرفارم کرنے کی خواہش ظاہر کردی۔

عاطف اسلم جو کہ ان دنوں اپنی نئی آنے والی میوزک ویڈیو ’رفتہ رفتہ‘ کی شوٹنگ کے لیے پاکستان کے شمالی علاقے میں موجود ہیں، اُنہوں نے بھارتی گلوکار ارجیت سنگھ سے اپنی خواہش کا اظہار کر دیا۔

اس ضمن میں عاطف اسلم نے اپنے تصدیق شدہ انسٹاگرام اکاؤنٹ پر اپنی ویڈیو شیئر کی ہے جس میں وہ پاکستان کے شمالی علاقے میں گاڑی میں گھوم رہے ہیں۔


ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ عاطف اسلم گاڑی میں بیٹھ کر بالی ووڈ گلوکار ارجیت سنگھ کا مقبول ترین گانا ’ہوائیں‘ سُن رہے ہیں اور ساتھ ہی اپنے موبائل فون سے قدرت کے حسین مناظر کی ویڈیو بھی بنارہے ہیں۔

عاطف اسلم نے اپنی پوسٹ کے کیپشن میں ارجیت سنگھ سے مخاطب ہوتے ہوئے لکھا کہ ’ تصوّر کریں کہ جیسے ہم یہاں اپنے مداحوں کے لیے پرفارم کررہے ہیں۔‘

واضح رہے کہ گزشتہ روز سے سوشل میڈیا پر یہ خبر زیرِ گردش ہے کہ سجل علی بہت جلد عاطف اسلم کی نئی میوزک ویڈیو میں اپنی اداکاری کے جوہر دِکھائیں گی۔

بتایا جارہا ہے کہ عاطف اسلم کے اس نئے گانے کا عنوان ’رفتہ رفتہ‘ ہے جبکہ یہ گانا پاکستان کے شمالی علاقے اسکردو میں شوٹ کیا جارہا ہے۔

یہ خبر سُننے کے بعد سجل علی کے مداح خوشی سے جھوم اُٹھے ہیں کہ وہ اپنی پسندیدہ اداکارہ کو عالمی شہرت یافتہ گلوکار عاطف اسلم کی میوزک ویڈیو میں دیکھیں گے۔

تازہ ترین