• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان میں ووٹ کا حق ملنا اوورسیزکمیونٹی کیلئے خوش آئند،افضل خان

مانچسٹر(غلام مصطفی مغل)شیڈو وزیرلیبر پارٹی ڈپٹی لیڈر پارلیمنٹ محمدافضل خان نے اوور سیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق ملنے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ووٹ اور اس کا استعمال دنیا بھر میں جمہوریت کی نشانی سمجھے جاتے ہیں۔پاکستان میں ووٹ کا حق ملنا اوورسیز پاکستانی کمیونٹی کیلئے خوش آئندہے۔ روز نامہ جنگ لندن سے خصوصی گفتگو میں ان کاکہنا تھا کہ ووٹ کے استعمال کے حق کے ساتھ ساتھ تارکین وطن کو ایوان زیریں و بالا میں نمائندگی بھی ملنی چاہیے اگر ہم برطانیہ میں بڑے عہدوں پر فائز ہو سکتے ہیں تو پھر پاکستان کیوں نہیں ہوسکتے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کا شکریہ جنہوں نے تارکین وطن کے ساتھ ہمیشہ قریبیرابطہ رکھا ۔بحیثیت پاکستان نژاد برطانوی شہری ہمارا فرض بھی ہے کہ ہم برطانیہ اور پاکستان کے مضبوط تعلقات کے لیے پل کا کردار ادا کریں اور پاکستان میں سیر و سیاحت کو فروغ بھی دیں۔ انہوں نے پاکستان کے ایک سینئرسیاستدان کے بیان کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ وہ کہتے ہیں کہ تارکین وطن کو سیاست کی سمجھ نہیں ہے ہم جمہوریت کی ماں برطانیہ میں رہ رہے ہیں پارلیمنٹ مقامی کونسلز اورریاست کے دیگر اداروں میں پاکستانی و کشمیری نژاد اعلیٰ ترین عہدوں پر فائز ہیں اور مقامی کونسلز صوبائی حکومت جیسے اختیارات رکھتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پنجاب کے گورنر کی مثال لیں وہ برطانیہ میں پاکستان نژاد برطانوی پہلے رکن برطانوی پارلیمنٹ تھے اور اب وہ پاکستان میں اپنی خدمات سر انجام دے رہے ہیں ۔ افضل خان کا مزید کہنا تھا کہ برطانیہ میں بسنے والے پاکستانیوں نے ہر میدان میں پاکستان کا نام روشن کیا ہے۔ اس وقت ضرورت ہے حکومت پاکستان اور تارکین وطن ملکر پاکستان کے لیے کام کریں کوئی ایسا پلیٹ فارم ہو جہاں پر ہمارے مطالبات سنے جائیں اور اگر ایسا ہو جائے تو میں یقین دلاتا ہوں برطانیہ میں بسنے والے پاکستانی پہلے سے بڑھ کر پاکستان کی خدمت کریں گے۔
تازہ ترین